تحریک انصاف نے این اے 122 میں ووٹوں کی منتقلی کے شواہد جمع کر لئے،پی ٹی آئی نے22اکتوبر کو اے پی سی طلب کرلی، دعوت نامے ارسال

منگل 20 اکتوبر 2015 09:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20اکتوبر۔2015ء ) این اے 122 میں الیکشن کمیشن کی بے ضابطگیوں اورووٹوں کی منتقلی کے معاملے پر تحریک انصاف نے 22 اکتوبر کو لاہور میں اے پی سی طلب کر لی۔ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے خلاف چھ نکاتی چارج شیٹ بھی تیار کر لی۔ این اے 122 لاہور کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی منتقلی کے حوالے سے تحریک انصاف نے حاصل ہونے والے ثبوتوں پر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں پی ٹی آئی پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے بائیس اکتوبر کو لاہور میں اے پی سی بلا لی ہے۔پی ٹی آئی کی قیادت اپوزیشن جماعتوں کو ثبوتوں پر بریفنگ دے گی۔ تحریک انصاف کی قیادت نے دعوی کیا ہے کہ اسے بڑے پیمانے پر ووٹوں کی منتقلی کے ثبوت مل گئے ہیں اور اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کے فیصلوں کی روشنی میں پی ٹی آئی آئندہ اقدام اٹھائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے خلاف چھ نکاتی چارج شیٹ بھی مرتب کر لی ہے.این اے 122 لاہور کے بارے میں تحریک انصاف کی مرتب کردہ چارج شیٹ میں اہم انکشافات سامنے آ گئے ہیں جس کے مطابق تحریک انصاف نے دعوی کیا ہے کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کو مختلف انتخابی فہرستیں دی گئیں۔پی ٹی آئی کو فراہم کی جانے والی انتخابی فہرستوں میں دو سو ووٹ ہر فہرست میں کم تھے۔

پی ٹی آئی کے مطابق گھوسٹ ووٹرز بھی بڑی تعداد میں سامنے آئے جس کے پی ٹی آئی کو ثبوت مل گئے ہیں۔ ووٹر لسٹ میں نام اور ایڈریس مختلف پائے گئے۔ فرضی ایڈریس پر گھوسٹ ووٹرز کا اندراج کیا گیا۔این اے 122 میں عوام کی مرضی کے بغیر اچانک ووٹ باہر منتقل کیے گئے۔ یہ چارج شیٹ چوہدری سرور اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں پیش کریں گے اور اپوزیشن جماعتوں کی منظوری کے بعد چارج شیٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کی جائے گی۔

تحریک انصاف نے 22اکتوبر کو این اے 122 میں ووٹر لسٹوں میں بے ضابطگیوں پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی ہے۔ پیر کے روز تحریک انصاف مرکزی سیکرٹریٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لاہور کے حلقہ این اے 122میں ووٹر لسٹوں میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے لاہور پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں جمعرات کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کی ہے اور اے پی سی میں شرکت کیلئے تمام جماعتوں کو دعوت نامے بھی بھجوا دیئے گئے ہیں امکان ہے کہ تمام ملک کی سیاسی جماعتوں کے سامنے این اے 122 کی ووٹر لسٹوں میں حکومتی بے ضابطگیوں کو عیاں کیا جائے گا