عام آدمی پارٹی کا شیوسینا پر پابندی لگانے کا مطالبہ ،شیوسینا کے غنڈہ گردی کی مذمت کرتے ہیں، شیوسینا کی بدمعاشی سے بھارت کی بدنامی ہوئی ،الیکشن کمیشن آف انڈیا نوٹس لے اور سوسائٹی سڑکوں پر نکلے، ترجمان پرپریتی سن

منگل 20 اکتوبر 2015 09:22

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20اکتوبر۔2015ء)بھارت کی عام آدمی پارٹی نے شیوسینا پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا ،شیوسینا پوری دنیا میں بھارت کیلئے بدنامی کا باعث بن رہے ہیں الیکشن کمیشن آف انڈیا نوٹس لے ۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹی وی کے مطابق پیر کے روزبھارتی عام آدمی پارٹی نے کرکٹ کی بحالی کیلئے پاک بھارت حکام کے درمیان جاری ملاقات کے دوران شیوسینا کے غنڈہ گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ،عام آدمی پارٹی کے ترجمان پرپریتی سن نے کہا کہ شیوسینا 50سال سے نفرت کی سیاست کررہی ہے اور پوری دنیا میں بھارت کیلئے بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ،شیوسینا نے پاک بھارت کی عوام کے درمیان نفرت کے بیج بونے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ہے ،گزشتہ کئی روز سے شیوسینا کے انتہا پسندوں نے غیر انسانی اور غیر اخلاقی رویہ اپنا رکھا ہے اور بھارتی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، ترجمان نے بتایا کہ بھارت کی سول سوسائٹی کو شیوسینا کی حرکات پر سڑکوں پر نکل آنا چاہیے، انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے مطالبہ کیا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ حکام پر شیوسینا کے انتہا پسندوں کے حملے سے بھارت کا امیج خراب ہوا ہے ،شیوسینا پارٹی پر مکمل پابندی لگائی جائے