پانچ موبائل سموں کی پابندی،سپریم کورٹ کا تمام درخواستوں کو ایک ساتھ سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم،ڈیٹاسم کے استعمال کے حوالے سے پی ٹی اے حکام پی ٹی سی ایل کو ناجائزفائدہ دے رہے ہیں، جسٹس عمر عطا بندیال

منگل 20 اکتوبر 2015 09:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20اکتوبر۔2015ء )سپریم کورٹ نے پانچ موبائل سموں کی پابندی سے متعلق تمام درخواستوں کو یکجا کرکے ایک ساتھ سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ ڈیٹاسم کے استعمال کے حوالے سے پی ٹی اے حکام پی ٹی سی ایل کو ناجائزفائدہ دے رہے ہیں۔ عدم استعمال کا قانون پی ٹی سی ایل کی ”ایوو“پر کیوں لاگو نہیں ہوتا یہ امتیازی سلوک ہے اس کا ازالہ کیا جائے۔

انھوں نے یہ ریمارکس پیر کے روز دیے ہیں ،چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں عدالت عظمی کی سربراہی میں عدالت عظمی کے تین رکنی بینچ نے مقدمہ کی سماعت کا آغاز کیا تودرخواست گذار موبائل کمپنی (زونگ)کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی اے 5سموں سے زائد سمز کی پابندی ختم کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

پی ٹی سی ایل اور دیگر موبائل کمپنیاں ڈیٹا سمزاستعمال کر رہی ہیں۔

ڈیٹا سم کال کرنے کیلئے موبائل فون میں استعمال نہیں ہوسکتی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے عدالت کو بتایا کہ 5سموں کی پابندی سپریم کورٹ نے کراچی امن امان کیس کی سماعت کے دوران لگائی۔ان کاکہنا تھا کہ اس درخواست کے علاوہ بلوچستان ہائیکورٹ بار کے صدر کی جانب سے بھی درخواست زیر التوا ہے ،جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیوں نہ ان تمام درخواستوں کو یکجا کرکے سن لیا جائے بعد ازاں مقدمہ کی سماعت ایک ہفتہ تک کیلئے ملتوی کردی۔