معائنہ کار بھیجنے کی فرانسیسی تجویز پر اسرائیل ناراض،فرانس نے القدس میں بین الاقوامی معائنہ کار بھیجنے کی تجویز پیش کی تھی

منگل 20 اکتوبر 2015 09:17

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20اکتوبر۔2015ء) اسرائیل میں فرانسیسی سفیر پیٹرک میزینیو کا پیر کو علی الصباح اسرائیلی دفتر خارجہ 'طلب' کر لیا گیا ۔ یاد رہے طلبی کا نوٹس فرانس کی جانب سے القدس میں بین الاقوامی معائنہ کاروں کی تعیناتی کی تجویز کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ فرانسیسی سفیر کو دفتر خارجہ 'طلب' کیا گیا ہے، تاہم طلبی کی وجوہات بیان نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب فرانسیسی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ تل ابیب میں ان کے سفیر اسرائیلی وزارت خارجہ جائیں گے اور وہاں یورپی اور یو این کے عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔اسرائیلی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز ایک بیان میں فرانس کی جانب سے القدس میں بین الاقوامی معائنہ کار تعنیات کرنے کی تجویز پر کڑی تنقید کی تھی۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق 'فرانس فلسطینیوں کی جانب سے شروع کردہ دہشت گردی پر اسے انعام دینا چاہتا ہے۔

"درایں اثنا اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا یہ بیان بھی سامنے آیا ہے کہ ان کا ملک یو این سیکیورٹی کونسل میں فرانس کی پیش کردہ تجویز مسترد کرتا ہے کیونکہ اس میں فلسطینیوں کو تشدد کی طرف مائل کرنے کا سرے ہی ذکر ہی نہیں ملتا۔یاد رہے کہ وزارت عظمی کے علاوہ بنجمن نیتن یاہو کے پاس کابینہ میں وزارت خارجہ کا قلمدان بھی ہے، اسی لئے وہ خارجہ امور پر براہ راست بیان بازی میں کافی سرگرم دکھائی دیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :