سعودی عرب ، موسلادھار بارشوں کے ساتھ موسم برسات کا تباہ کن آغاز،9افراد ہلاک ،زیادہ تر افراد کرنٹ لگنے کے باعث ہلاک ہوئے، جدہ میں ریکارڈ 22ملی میٹر بارش ہوئی ہے، محکمہ شہری دفاع

جمعرات 19 نومبر 2015 09:11

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19نومبر۔2015ء)سعودی عرب میں موسلادھار بارشوں کے ساتھ موسم برسات کا آغاز ہوگیا ہے۔ جدہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، شمالی حدود ریجن، باحہ ، تبوک، حائل، ینبع اوراملج کمشنری میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔زیادہ تر افراد کرنٹ لگنے کے باعث ہلاک ہوئے۔ محکمہ شہری دفاع کے مطابق جدہ میں 22ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔

بارش کے سبب جدہ ایئرپورٹ بند کردیا گیااور اندرون ملک سے جدہ آنے والی8 پروازوں کا رخ دیگر شہروں کی جانب موڑ دیا گیاجبکہ ایک بین الاقوامی پرواز مدینہ منورہ میں اتاری گئی۔منگل کی صبح ہونے والی طوفانی بارش نے اہل جدہ کو 2009ء کی بارش کے ساتھ شہید فرمان کی بھی یاد دلادی۔بارش صبح ساڑھے10 بجے بارش شروع ہوئی اور اس میں وقت کے ساتھ ساتھ تیزی آتی چلی گئی جس سے جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا اور انڈر پاس بھر گئے۔

(جاری ہے)

بارش کے دوران مدینہ منورہ شاہراہ پر تیز ہوا کے باعث سائن بورڈ ایک گاڑی پر گر گیا تاہم لوگ محفوظ رہے۔شہر کے گنجان آبادوالے نشیبی علاقے قویزہ، جامعہ ، نزلہ یمانیہ اور ہنداویہ میں گھٹنوں گھٹنوں تک پانی جمع ہے۔شہری دفاع کے اہلکاروں نے برساتی ریلے میں پھنس جانے والے 14افراد کو نکال کر محفوظ مقام تک پہنچایا۔ بعض مارکیٹوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے کوئی بھی دکان نہ کھول سکا۔

شہری دفاع کی ٹیموں نے ینبع النخل کے البشنہ قریے کے برساتی نالے سے 5نعشیں نکالیں ان میں سے 2نعشیں بچوں کی تھیں۔شہری دفاع کے غوطہ خور مدینہ منورہ کے مغرب میں 40کلو میٹر دور الجفر قریہ کی وادی الجفر میں چھٹے شخص کی لاش تلاش کررہے ہیں۔ اس وادی میں 3افراد کے ڈوبنے کی اطلاع ملی تھی۔ ان میں سے 2کی نعشیں مل گئی ہیں۔ حائل میں بارش سے ایک بچے کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔دریں اثناء سعودی عرب کے کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر نے مغربی ساحلی شہر میں شدید بارشوں کے پیش نظر تمام اہالیان جدہ اور مکہ سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔اس دوران دونوں شہروں کے تمام اسکول اور سرکاری دفاتر بند کردیئے گئے تھے۔