نائیجیریا کے شہر یولا میں دھماکے ،30افراد ہلاک

جمعرات 19 نومبر 2015 09:13

یولا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19نومبر۔2015ء)نائجیریا میں حکام کے مطابق یولا شہر میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہے۔دھماکہ شہر کے ایک مصروف بازار میں اس وقت ہوا جب وہاں تاجر اپنے کاروبار بند کر رہے تھے۔ابھی تک کسی تنظیم نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن نائجیریا میں شدت پسندی کے اکثر واقعات میں بوکوحرام تنظیم ملوث ہوتی ہے۔

نائجیریا کے صدر محمد بہاری نے گذشتہ سنیچر کو یوالا شہر کا دورہ کیا تھا۔انھوں نے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ شدت پسند تنظم بوکو حرام کو جلد شکست ہونے والی ہے۔یولا میں رواں برس شدت پسندی کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے گذشتہ ماہ ہونے والے دو دھماکوں میں 40 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

یولا شہر شمالی ریاست اداماوا کے قریب واقع ہے اور یہ ریاست بوکوحرام کی شدت پسند کارروائیوں میں بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

بوکو حرام کا قیام 2002 میں ہوا تھا اور اس نے تعلیم کو مغربی طرز کا قرار دے کر اس کی مخالفت کی تھی۔بوکو حرام کا ہاوٴسا زبان میں مطلب ہے ’مغربی تعلیم ممنوع ہے۔‘اس نے 2009 میں اسلامی ریاست قائم کرنے کے لیے عسکری کارروائی شروع کی۔زیادہ تر شمالی نائجیریا میں اب تک ہزاروں افراد بوکو حرام کا نشانہ بن چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :