لاہور ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر فوڈ پنجاب عائشہ ممتاز کے ریسٹورنٹس اور بیکریوں پر چھاپوں کی کاروائی کو سوشل میڈیا پر جاری کرنے کے خلاف دائر درخواست میں عائشہ ممتاز کے فیس بک اکاونٹ کی تفصیلات طلب کر لیں

جمعرات 19 نومبر 2015 09:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار نجی فوڈ کمپنی کے وکیل پیر مسعود چشتی نے کہا کہ مہذب ممالک میں کسی کاجرم ثابت کئے بغیر اسکی شناخت ظاہر نہیں کی جا تی مگر محکمہ خوراک کے افسران اپنے چھاپوں کی کاروائی اسی وقت اپنے فیس بک اکاونٹ پر چڑھا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عائشہ ممتاز فوڈ فیکٹریوں پرچھاپوں کے بعد اپنی کارروائی کو فیس بک پر جاری کر دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ خوراک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کی سیل کردہ فیکٹری کو ڈی سیل کر دیا گیا ہے تاہم فیکٹری سے حاصل کئے گئے نمونوں کی رپورٹ آنے تک مصنوعات کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کس قانون کے تحت چھاپے مارنے کے بعد کاروائی کو فیس بک اور سوشل میڈیا پر جاری کر رہا ہے۔عدالت نے عائشہ ممتاز کے فیس بک کی تفصیلات کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت نو دسمبر تک ملتوی کر دی۔