وفاقی حکومت نے ٹیکسٹائل کے شعبے کی برآمدات میں اضافے کیلئے متعدد منصوبوں کی منظوری دیدی،کراچی اور امریکہ میں ٹیکسٹائل ایکسپو منعقد کرنے کے ساتھ لیدر گارمنٹس اور سنگ مرمر کی صنعت کے فروغ کیلئے فاٹا اور دیگر علاقوں میں تربیتی مراکز قائم کئے جائیں گے،،وزیر تجارت کی زیر صدار ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ایڈمنسٹریٹرز کا69واں اجلاس ،ٹی ڈی اے پی کو کراچی میں ٹیکسٹائل سے متعلق ٹیکسپوپاکستان نمائش کرانے کی بھی منظوری

ہفتہ 21 نومبر 2015 08:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21نومبر۔2015ء ) وفاقی حکومت نے ٹیکسٹائل کے شعبے کی برآمدات میں اضافے کیلئے متعدد منصوبوں کی منظوری دیدی ہے، کراچی اور امریکہ میں ٹیکسٹائل ایکسپو منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ لیدر گارمنٹس اور سنگ مرمر کی صنعت کے فروغ کے لئے فاٹا اور ملک کے دیگر علاقوں میں تربیتی مراکز قائم کئے جائیں گے ۔اس سلسلے میں ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ایڈمنسٹریٹرز کا 69واں اجلاس وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر خان کی صدارت میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے متعدد فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فاٹا میں قبائلی علاقہ کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے تربیتی سینٹر قائم کیا جائے گا جس کے ذریعے علاقے کے نوجوانوں کو تیکنیکی تربیت دی جائے گی، اس سینٹر کی بدولت چھوٹی صنعت کو فروغ حاصل ہو گا اور علاقے میں روزگا ر بھی بڑھے گا۔

(جاری ہے)

یہ سینٹر سنگ مرمر کی صنعت کیلئے بھی تیکنیکی افرادی قوت تیار کرے گی۔

اجلاس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو کراچی میں ٹیکسٹائل سے متعلق ٹیکسپوپاکستان نمائش کرانے کی منظوری بھی دی گئی جس میں ٹیکسٹائل کے تمام ذیلی سیکٹر اپنی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کریں گے، یہ نمائش 7سے 10اپریل 2016کو منعقد ہو گی۔اس سلسلے میں وفاقی وزیر نے سیکرٹری کامرس محمد شہزاد ارباب کی سربراہی میں ایک مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی جو نمائش پر پیش آنے والے اخراجات کا بغور جائزہ لے گی اور اخراجات کی شفافیت سے متعلق رپورٹ دے گی۔

ٹیکسپو پاکستان کے انعقاد کیلئے ٹیکسٹائل سیکٹر کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا اور ان کی تجاویز کی بنیاد پر نمائش کا انعقاد کیا جائے گاجس میں دنیا بھر سے ٹیکسٹائل کے خریداروں کو دعوت دی جائے گی۔بورڈ نے لیدر گارمنٹس مینوفیکچررز اور ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے لیدر ڈیزئن سٹوڈیو کے قیام کا پراجیکٹ بورڈ کی فنانس کمیٹی کو سپرد کر دیا، کمیٹی پراجیکٹ کے تفصیلی جائزے کے بعد اس کے قابل عمل ہونے پر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

وفاقی وزیر نے بورڈ کو بتایا کہ ایکسپورٹرز سے مشاورت کے بعد اگلی عالی شان پاکستان نمائش امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں ہو گی،اس سلسلے میں معتدد شہر زیر غور تھے جن میں بیجنگ، لندن اور شکاگو شامل ہیں لیکن ہیوسٹن میں نمائش کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔بورڈ نے ای ڈی ایف سیکرٹیریٹ میں افرادی قوت کے اضافے کی بھی منظوری دی۔