جہلم،قرآن پاک کی بے حرمتی پر ہزاروں افراد کا احتجاج جی ٹی روڈ بلاک، چپ بوڈ فیکٹری نذر آتش ، پولیس کی آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں سے عوام کو منتشر کرنے کی کوشش

ہفتہ 21 نومبر 2015 08:41

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21نومبر۔2015ء) قرآن پاک کی بے حرمتی پر ہزاروں افراد کا احتجاج جی ٹی روڈ بلاک ، چپ بوڈ فیکٹری نذر آتش جبکہ پولیس کی آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں سے عوام کو منتشر کرنے کی کوشش۔ تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ راٹھیاں پر واقع پاکستان چپ بورڈ فیکٹری میں آج صبح ردی جلائی جانے لگی تو اس میں قرآن پاک کو بھی آگ لگی ہوئی تھی جس پر وہاں کام کرنے والے ایک لڑکے نے فیکٹری میں کام کرنے والے افراد کو اس بارے میں بتایا جس پر انہوں نے کوئی نوٹس نہ لیا اور اس لڑکے نے علاقہ کے تمام افراد کو اس واقع کی اطلاع دی جس پر عوام نے مشتعل ہو کر جی ٹی روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کر دی ۔

(جاری ہے)

اس واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مجاہد اکبر خان اور تمام ایس ڈی پی اوز اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ساتھ اے ڈی سی محمد عمران رضا عباسی اور اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر محمد آفاق وزیر موقع پر پہنچے جبکہ مشتعل افراد نے پاکستان چپ بورڈ فیکٹری کو آگ لگا کر اس کے اندر داخل ہو کر تمام اشیا کو جلانا شروع کر دیا جس پر پولیس نے اس عمل کو روکنے کے لئے کاروائی کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے کچھ افرد زخمی بھی ہوئے اے ڈی سی محمد عمران رضاعباسی اور اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر محمد آفاق وزیر صورتحال سنبھالنے کے لئے مشتعل افراد کے بڑوں سے بات چیت کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف جی ٹی روڈ پر موجود مشتعل افراد تمام گاڑیوں کی لائٹیں اسلحہ اور ڈنڈے کے زور پر بند کروانے میں مصروف ہیں اور تمام گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو کہہ رہے ہیں کہ اپنی گاڑیوں کی لائٹیں بند کر دیں ورنہ آپ کی گاڑیوں کے شیشے توڑ دئیے جائیں گے اور آپ کی گاڑیوں کو آگ لگا دی جائے دی جبکہ حیران کن بات یہ ہے کہ ڈی سی او ذوالفقار احمد گھمن اس کشیدہ صورتحال میں بھی اپنے گھر پر آرام فرما رہے ہیں اور ابھی تک موقع پر نہیں پہنچے کیونکہ صورتحال ابھی تک انتہائی کشیدہ ہے جس پر قابو پانے کے لئے پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے جبکہ تھانہ چوکی کالاگجراں میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے پر مقدمہ درج کر کے ملزمان گرفتار کر لئے گئے ہیں ضلع پولیس نے ہوائی فائرنگ کر کے اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کر کے راولپنڈی جانے والی جی ٹی رود ٹریفک کے لئے کھلوا دی ہے یاد رہے کہ اس قرآن پاک کی بے حرمتی کے ضمن میں جہلم کے تمام علماء نے اپنے اجلاس طلب کر لئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ضلع کے تمام تھانوں سے مزید پولیس فورس طلب کرنے کے ساتھ ساتھ آنسو گیس کے شیل بھی بھاری تعداد میں منگوا لئے ہیں جبکہ صورتحال سنگین ہے۔