بھارت کچھ بھی کہے اب ان سے دو طرفہ پر کوئی بات نہیں ہوگی، فیصلہ وزیراعظم کرینگے ، شہریار خان ،ایک ہی معاملے پر بار بار بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، کوشش کررہے ہیں پیش رفت ہوجائے ، حتمی فیصلہ کے بعد پلان بی سامنے آجائے گا ، پریس کانفرنس

ہفتہ 21 نومبر 2015 08:30

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21نومبر۔2015ء) چیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ بھارت کچھ بھی کہے اب ان سے دو طرفہ پر کوئی بات نہیں ہوگی اور اس سے متعلق وزیراعظم نوازشریف خود فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کا کہنا تھا کہ بھارت والے جو بھی کہیں، اب ان سے پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوگی کیوں کہ ایک ہی معاملے پر بار بار بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں جب کہ وزیراعظم نوازشریف کہہ چکے ہیں کہ وہ اس معاملے پر خود فیصلہ کریں گے۔

شہریار خان نے کہا ہم کوشش کررہے ہیں کہ پاک بھارت سیریزسے متعلق پیشرفت ہوجائے اور اس معاملے پر انگلش کرکٹ بورڈ کے چیرمین جائلز کلارک بھی کوششیں کرر ہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے سیریز کا حتمی فیصلہ ہونے کے بعد پلان بی بھی سامنے آجائے گا۔واضح رہے وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو دورہ بھارت سے متعلق کوئی بھی معاملات بغیر اجازت طے نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔