حکومت نے 10روپے کا سکہ جاری کرنے کی منظوری دیدی،جلد کام شروع کر دیا جائے گا

بدھ 25 نومبر 2015 09:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25نومبر۔2015ء) حکومت پاکستان نے 10روپے کا سکہ جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے جس پر جلد ہی کام شروع کر دیا جائے گاپاکستان منٹ میں نصب مشنری 100سال پرانی ہے ،پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی وزیر یا سیکرٹری نے پاکستان منٹ کا دورہ نہیں کیا ہے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان منٹ کے ماسٹر راجہ فیاض نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان نے 10روپے کا سکہ بنانے کی منظوری دیدی ہے اس سے قبل ملک میں ایک دو اور 5روپے کا سکہ چل رہا ہے انہوں نے بتایا کہ کرنسی نوٹ کے مقابلے میں سکے کی عمر تقریبا20سے 30سال تک ہوتی ہے جبکہ کرنسی نوٹ کی عمر بمشکل 6مہینے ہوتی ہے اس وقت 5روپے کا سکہ حکومت کو ڈھائی روپے کا پڑتا ہے اسی طرح 10روپے کا سکہ بھی تقریباً3روپے تک پڑ سکتا ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان منٹ میں اس وقت موجود مشینیں 100سو سال پرانی ہیں جو 90کوائن فی منٹ تیار کرتی ہیں جبکہ نئی مشینیں 800کوائن فی منٹ تیار کرتی ہیں انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی وزیر یا سیکرٹری نے پاکستان منٹ کا دورہ نہیں کیا ہے ۔