افغان طالبان نے شیر محمد عباس استانکزئی کو قطر میں اپنے سیاسی دفتر کا نیا سربراہ مقرر کردیا،سیاسی ونگ کے نئے سربراہ شیر محمد عباس استانکزئی امن مذاکرات کے حامی ہیں،دونوں افراد امن مذاکرات کے حامی ہیں اور ان کا تقرر افغان حکومت اور عالمی برادری کے ساتھ کسی سمجھوتے تک پہنچنے کے لئے کیا گیا ہے، طالبان شوریٰ

بدھ 25 نومبر 2015 09:17

قندھار(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25نومبر۔2015ء) افغان طالبان نے شیر محمد عباس استانکزئی کو قطر میں اپنے سیاسی دفتر کا نیا سربراہ مقرر کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے نے طالبان شوریٰ کے ایک رکن کے حوالے سے بتایا کہ طالبان کے سیاسی ونگ کے نئے سربراہ شیر محمد عباس استانکزئی امن مذاکرات کے حامی ہیں۔شیر محمد عباس استانکزئی اور ان کے نائب عبدالسلام حنفی کی تقرری کا فیصلہ ملا اختر منصور نے کیا ہے۔

شیر محمد عباس استانکزئی افغان طالبان کے سینئر رہنما ہیں اور وہ طالبان دور حکومت میں وزیر صحت بھی رہ چکے ہیں۔طالبان شوریٰ کے رکن کا مزید کہنا تھا کہ یہ دونوں افراد امن مذاکرات کے حامی ہیں اور ان کا تقرر افغان حکومت اور عالمی برادری کے ساتھ کسی سمجھوتے تک پہنچنے کے لئے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رواں سال اگست میں ملا عمر کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد طالبان شوریٰ نے ملا اختر منصور کو نیا امیر مقرر کیا تھا۔

ملا اختر منصور کے امیر بننے کے بعد طالبان گروپوں میں اختلافات سامنے آنا شروع ہوگئے تھے اور کئی گروپس نے ملا اختر کو امیر ماننے سے انکار کردیا تھا۔خیال رہے کہ افغانستان کے مسئلے کا سیاسی حل نکالنے کے لیے طالبان کی جانب سے 2013 میں قطر میں سیاسی دفتر قائم کیا گیا تھا۔افغان حکومت کی جانب سے ملا عمر کی ہلاکت کی تصدیق اور ملا اختر منصور کے نئے امیر بنائے جانے کے بعد طالبان کے درمیان قیادت کے بحران کے باعث طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات بھی معطل ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :