الجزائر کے مہاجر کیمپ میں آگ لگنے سے 18 افراد جھلس کر ہلاک اور 40 سے زائد زخمی

بدھ 25 نومبر 2015 09:12

الجزائر سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25نومبر۔2015ء) الجزائر کے مہاجر کیمپ میں آگ لگنے سے 18 افراد جھلس کر ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ شمالی افریقی ملک الجزائر کے جنوب مشرقی شہر ورغلہ میں پیش آیا جہاں افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے مہاجرین کے کیمپ میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ایک بڑے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جب کہ واقعے کے بعد فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرکافی دیر بعد آگ پر قابو پایا تاہم اس دوران جھلسنے سے 18 افراد ہلاک جب کہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ مہاجر کیمپ کے رہائشیوں کی جانب سے سردی سے بچنے کے لیے لگائی جانے والی آگ بھڑکنے سے پیش آیا جب کہ مرنے والے افراد کا تعلق مختلف ممالک سے تھا اور آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ چند سالوں سے افریقی ممالک سے ہزاروں افراد روزگار کی تلاش میں الجزائر کارخ کررہے ہیں اور لیبیا میں خانہ جنگی سے قبل کام کرنے والے افریقی تارکین وطن کی 30 فیصد تعداد الجزائر کا رخ کرچکی ہے جہاں یہ تارکین وطن اقوام متحدہ اور ریڈ کراس کے زیر انتظام مہاجر کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں۔

متعلقہ عنوان :