چیئر مین پی سی بی شہریار خان نے پاک بھارت سیریز کے حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف کو خط لکھ دیا،پی سی بی نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے ہونیوالی پیشرفت سے حکومت کو آگاہ کردیا،حکومت کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ آنے کے بعد ہی آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کو جواب دیا جائے گا‘ پی سی بی حکام

بدھ 25 نومبر 2015 08:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25نومبر۔2015ء)چیئر مین پی سی بی شہریار خان نے پاک بھارت سیریز کے حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف کو خط لکھ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خط میں شہریارخان نے کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف نواز شریف کو پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ہے جب کہ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے وزیر اعظم تک یہ پیغام بھی پہنچایا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے مابین سیریز سری لنکا میں کھیلی جاتی ہے تو اس کا خرچہ متحدہ عرب امارات سے کم آئے گا۔

ذرائع کے مطابق ابھی تک وزیر اعظم کی جانب سے اس خط کا کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے تاہم چیئر مین پی سی بی کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ ایک سے دو دن کے اندر جواب آجائے گا۔ ادھرپاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت سے حکومت کو آگاہ کردیاجبکہ سیریز کی میزبانی کے حوالے سے پی سی بی اور سری لنکن بورڈ کے صدر کے درمیان بھی رابطہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق پی سی بی نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے وزارت خارجہ، داخلہ اور آئی پی سی کو آگاہ کردیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام نے بھارت کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے عہدیداروں سے ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ آنے کے بعد ہی پاک بھارت سیریز کے حوالے سے آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کو جواب دیا جائے گا۔دوسری جانب پی سی بی سیریز کی ممکنہ میزبانی کے حوالے سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سداتھ ویٹمنی سے بھی رابطہ کیا،جس میں پاک بھارت سیریز کے انعقاد کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر نے بھی سیریز کی میزبانی کے حوالے سے حکومت کو اعتماد میں لینے کیلئے چار روز کا وقت مانگ لیا۔