شمالی کوریا کا میوزک بینڈ چین سے اچانک واپس چلا گیا

پیر 14 دسمبر 2015 09:40

پیانگ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2015ء) شمالی کوریا کے خواتین پر مشتمل پاپ گروپ نے چین کا خیرمقدمی دورہ شروع ہونے سے پہلے ہی ختم کر دیا ہے۔مورن بونگ بینڈ کی ارکان کی اپنی پہلی پرفارمنس سے چند گھنٹے پہلے ہی غیرمتوقع طور پر بیجنگ کے ہوائی اڈے پر پہنچیں اور وہاں سے واپس شمالی کوریا روانہ ہو گئیں۔دونوں ممالک کے حکام کی جانب سے کنسرٹ منسوخ ہونے اور اس کے بینڈ کے اچانک واپس چلے جانے کے بارے میں سرکاری طور پر کچھ نہیں بتایا گیا۔

اس گروپ کے دورے کا مقصد چین اور شمالی کوریا کے درمیان تعلقات کو بہتر کرنا تھا۔مورن بونگ بینڈ شمالی کوریا کے مقبول ترین میوزک گروپس میں سے ایک ہے اور اطلاعات کے مطابق اس گروپ کی ارکان کا انتخاب شمالی کوریا کے رہنما کم جان اْن نے خود کیا تھا۔

(جاری ہے)

جمعے کو اس گروپ نے بیجنگ کے نیشنل سینٹر فار پرفارمنگ آرٹس میں پریکٹس کی تھی اور اس وقت کسی قسم کی مشکلات یا مسائل کے بارے میں کوئی اشارہ نہیں ملا تھا۔

شمالی کوریا کی مطلق العنان حکومت کے معیار کے مطابق یہ بینڈ اپنے پرجوش اور مغربی انداز میں فن کا مظاہرہ کرنے کے لیے مشہور ہے چین کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ شمالی کوریا کے گروپ کی پرفارمنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانا تھا تاہم ترجمان نے مذاق میں کہا ہے کہ انھیں یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ کنسرٹ کی ٹکٹیں کہاں سے ملنی ہیں۔

تاہم سنیچر کو غیر متوقع طور پر گروپ بیجنگ ایئرپورٹ پہنچا اور شمالی کوریا جانے والے فلائٹ سے واپس روانہ ہو گیا۔ یہ فلائٹ مقررہ وقت سے کئی گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔بیجنگ میں اس گروپ کی پرفارمنس منسوخ کرنے کے بعد تیار کیے جانے والے سٹیج کو ختم کر دیا گیا۔شمالی کوریا کی مطلق العنان حکومت کے معیار کے مطابق یہ بینڈ اپنے پرجوش اور مغربی انداز میں فن کا مظاہرہ کرنے کے لیے مشہور ہے۔

اس کے گیتوں میں شمالی کوریا کا پروپیگینڈا ہوتا ہے جیسے ’تھنک آف دی مارشل (مسٹر کم) ڈے اینڈ نائٹ‘ اور ’مائی کنٹری از دا بیسٹ‘ جیسے گیت شامل ہیں۔ لیکن مغرب کی چھاپ والے گیت جیسے ’تھیم فرام راکی‘ بھی اسی بینڈ کے گیتوں میں شامل ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔جدید چین کے بانی رہنما ماوٴ زے تنگ نے ایک دفعہ کہا تھا کہ دونوں ممالک ہونٹ اور دانت کی طرح نزدیک ہیں۔تاہم حالیہ کچھ عرصے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کچھ سردمہری محسوس کی جا سکتی ہے۔ خاص کر شمالی کوریا کی جانب سے 2013 میں جوہری تجربہ کرنے پر چین کی طرف سے ناراضی کا اظہار کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :