دہشت گردی حرام ، اسلام اور جہاد کے نام پر دہشت گردی سے اسلام اور جہاد بدنام ہورہا ہے،مفتی محمد رفیع عثمانی

منگل 15 دسمبر 2015 09:22

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2015ء)مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیع عثمانی نے کہا ہے کہ علم دین کی کمی اور دشمنان اسلام کی سازشوں کی وجہ سے پوری دنیا میں مسلمان فرقہ واریت کی لپیٹ میں ہے دہشت گردی حرام ہے اسلام اور جہاد کے نام پر دہشت گردی سے اسلام اور جہاد بدنام ہورہا ہے علماء کرام کی ذمہ داری حق بتانا اور منکر وبرائی کو زبان سے روکنا ہے جبکہ بزور طاقت منکر وبرائی کو دور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے درالعلوم نعمانیہ اتمانزئی میں روح پرور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے سابق ایم پی اے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ،درالعلوم نعمانیہ کے مہتمم مفتی محمد حسن جان اور دیگر نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہاکہ بزرگان دین اور اکابرین دیوبند نے انتہائی سخت ونامساعد حالات اور محنت ومشفقتوں سے علم حاصل کر کے ہمیں پہنچایا اور کہاکہ دیوبند فرقہ یا مسلک نہیں بلکہ اتباع سنت کا نام ہے انہوں نے کہاکہ ہمارے اصلاف ہمیشہ سے امت میں فرقہ واریت اور انتشار کیخلاف رہے ہیں کیونکہ سب مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہے اور کہاکہ سب سے پہلے دو قومی نظریہ مولانا تھانوی نے پیش کیا اور اسی بنیاد پر تحریک آزادی میں بھر پور حصہ لیا انہوں نے کہاکہ اختلاف رائے کو امت کیلئے رحمت قرار دیا گیا اور کہاکہ اختلاف رائے کی گنجائش موجود ہوتی ہے مگر اس بنیاد پر مسلمانوں کو فرقوں میں تقسیم کرکے اسلام دشمنی نے فرقہ واریت کا بیچ بودیا ہے اورکہاکہ اسلاف کے درمیان مختلف باتوں پر اختلاف رائے رہا مگر انہوں نے باہمی احترام وتعظیم کا دامن کبھی نہیں چھوڑا انہوں نے کہاکہ افسوس کا مقام ہے کہ مسلمان فرقوں میں بٹے ہوئے ہیں اور ایک مسلمان دوسرے مسلمان کا گلا کاٹ رہا ہے فرقہ واریت سے اسلام علماء کرام ،مدارس،مساجد بدنام ہورہے ہیں انہوں نے کہاکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ تم زمین پر رہنے والوں (مسلمان اور کفار دونوں پر)رحم کروں اللہ تم پر رحم کریگا۔

متعلقہ عنوان :