عوام کسی بھی سرکاری دفتر میں رشوت مانگنے والے کو سڑک پر گھسیٹیں،پرویز خٹک ،ہمارے منشور میں رشوت کی کوئی گنجائش نہیں،ہم عوام کو بلا امتیاز زندگی کی تمام سہولیات میرٹ پر فراہم کرنا چاہتے ہیں،جلسہ سے خطاب

منگل 15 دسمبر 2015 09:37

شام (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی سرکاری دفتر میں رشوت مانگنے والے کو سڑک پر گھسیٹیں ، کیونکہ ہمارے منشور میں رشوت کی کوئی گنجائش نہیں اور ہم عوام کو بلا امتیاز زندگی کی تمام سہولیات میرٹ پر فراہم کرنا چاہتے ہیں وہ پیر کے روز پورن ضلع شانگلہ میں ایک عظیم الشان جلسہ سے خطاب کر رہے تھے جس کے مہمان خصوصی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان تھے،وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہمیں اپنے منشور کے مطابق تعلیم ،صحت اور دیگر سہولیات کی فراہمی لوگ اپنی آ نکھوں سے آئندہ آٹھ دس ماہ میں دیکھ لیں گے او ر وہ خود کہیں گے کہ واقعی تبدیلی آگئی ہے انھوں نے عوام سے کہا کہ وہ صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں کی براہ راست نگرانی کریں او ر غلط کام کی صورت میں متعلقہ ٹھیکیدار کو کا م سے روکیں کیونکہ ہمار ا پنا کوئی ٹھیکیدار نہیں اور ہم عوام کو زندگی کی تمام سہولیات میرٹ اور معیار کے مطابق فراہم کرنے کا عزم کر چکے ہیں انھوں نے کہا کہ لوگ سکولوں ،ہسپتالوں،تھانوں ،پٹوارخانوں اور دیگر سرکاری محکموں میں ٹھوس تبدیلی محسوس کرلیں گے اور ان تمام مقامات پر رشوت لینے والوں کا مکمل خاتمہ ہوگا ،ہمارا منشور یہ ہے کہ لوگوں کو انصاف اور خوشحالی حاصل ہو اور وہ پاکستان سے محبت کرے انھوں نے کہا کہ ہماری کوششوں کا خلاصہ ایک ایسا نظام قائم کرناہے جس کے تحت تمام کام میرٹ ،انصاف اور شفافیت پر مبنی ہو ۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی عبدالمنعیم خان کی جانب سے پیش کردہ مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اعلان کیا کہ پورن شانگلہ میں آفسز کمپلیکس میں جتنی بھی ضرورت ہوگی نئی عمارات تعمیر کی جائیں گی ۔انھوں نے اعلان کیا کہ تحصیل ہسپتال پورن میں آپریشن تھیٹر اور بلڈ بنک سمیت تمام سہولیات جلد ہی فراہم کی جائیں گی ۔انھوں نے پورن روڈ کو صوبائی ہائی وے اتھارٹی کو حوالہ کرنے کا اعلان کیا جبکہ پندوڑیا تا قلیل کنڈاؤ روڈ کو آئندہ بجٹ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ۔

پرویز خٹک نے پورن میں ٹیکنیکل کالج کے قیام ،زمین کی فراہمی کے بعد سپورٹس گراؤنڈ کی تعمیر اور زمین کی فراہمی کے بعد سوات یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کا بھی اعلان کیا۔انھوں نے پورن میں بینک آف خیبر کی برانچ کھولنے کا بھی اعلان کیا ۔وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ پورن کالج کے لیے جلد ہی گاڑی فراہم کر دی جائے گی ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے بشام کو تحصیل اور کانڑہ کو سب ڈویژن کا درجہ دینے کا اعلان کیا ۔جلسہ میں معاؤن خصوصی عبدالمنعیم خان نے باضابطہ طور پر اپنی پارٹی کو پاکستان تحریک انصاف میں ضم کرنے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :