اورنج لائن ٹرین منصوبے کیخلاف چوتھا حکم امتناعی بھی جاری، لاہو رہائیکورٹ نے جی ٹی روڈ باغبانپورہ میں ٹرین اسٹیشن کیلئے اراضی ایکوائر کرنے سے روک دیا، سول سوسائٹی نے مکمل منصوبہ بھی عدالت میں چیلنج کر دیا

منگل 15 دسمبر 2015 09:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹرجسٹس عابد عزیر شیخ نے باغبانپورہ کی رہائشی تحسین شبیر کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے میاں اسلم ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ اورنج ٹرین منصوبے کیلئے قانون تقاضے پورے کئے بغیر ہی درخواست گزار کی سولہ مرلے اراضی ٹرین سٹیشن کیلئے ایکوائر کی جا رہی ہے جس پر عدالت نے ایل ڈی اے اور پنجاب حکومت کو خاتون کی اراضی ایکوائر کرنے سے روک دیا، عدالت نے کپور تھلہ، چوبرجی اور نیاز بیگ کے علاقوں میں بھی شہریوں کی اراضی ایکوائر کرنے کیخلاف حکم امتناعی میں بھی اٹھارہ جنوری تک توسیع کر دی، سول سوسائٹی کے اراکین آئی اے رحمان اور دیگر نے اورنج لائن ٹرین مکمل منصوبہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے، سول سوسائٹی نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے پنتیس سو صفحات پر مشتمل درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ منصوبے کی زد میں شہر کے چھبیس تاریخی مقامات آ رہے ہیں، تین سو پینسٹھ ارب روپے کی پنجاب اسمبلی سے منظور نہیں لی گئی جبکہ تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں کا بجٹ بھی منصوبے پر لگایا جا رہا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کی وجہ سے شہر کا درجہ حرارت مزید بڑھ جائے گا جبکہ عالمی ادارہ یونیسکول بھی منصوبے کی مخالفت کر چکا ہے لہذا اورنج ٹرین منصوبے کو کالعدم کیا جائے

متعلقہ عنوان :