سی ایس آئی آرنے 2 مختلف قسم کے سستے ایندھن دریافت کئے ہیں، بجلی کی پیداوار کے ساتھ بچت پر توجہ دینے کی زیادہ ضرورت ہے، ڈاکٹر شہزاد عالم

منگل 15 دسمبر 2015 09:27

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2015ء) پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) کے چیئرمین ڈاکٹر شہزاد عالم نے کہا ہے کہ سی ایس آئی آرنے 2 مختلف قسم کے سستے ایندھن دریافت کئے ہیں تاہم ان کے خیال میں بجلی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ بجلی کی بچت پر توجہ دینے کی زیادہ ضرورت ہے۔ چین سے آنے والے الیکٹرانک کے زیادہ تر سامان میں ان کی تصریحات کے بر عکس بہت زیادہ بجلی استعمال ہو تی ہے ۔

اس مسٴلے کو حل کرکے ہی 25 سے30 فیصد تک بجلی کی بچت کی جا سکتی ہے۔ پی سی ایس آئی آرنے گجرات کی پنکھا سازی کی 4 فرموں کے ساتھ معاہدے کئے ہیں جن کے تحت اگلے سال مارکیٹ میں ٹو۔تھری اور فائیو سٹار پنکھے آجائیں گے جن میں ان کی تصریحات کے مطابق ہی بجلی استعمال ہوگی اس طرح الیکٹرک موٹروں کیلئے بھی یہ نظام آئندہ سال رائج ہو جائیگا جبکہ ایئرکنڈیشنز اور ریفریجریٹرز کیلئے یہ نظام نافذ کرنے میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ مختلف ادارے ایل ای ڈی کے نام پر جو سٹریٹ لائٹس لگا رہے ہیں وہ بھی ناقص ہیں اور مطلوبہ مقدار سے کہیں زیادہ بجلی استعمال کرتی ہیں پانچ سوملین روپے کی لاگت سے فیصل آباد میں آئندہ سال جون تک پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر)کی جدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری قائم کر دی جائیگی جبکہ مختلف قسم کے ٹیسٹوں کیلئے پی سی ایس آئی آر کا سیمپل کلیکشن سنٹر آئندہ ماہ سے ہی کام شروع کر دے گا۔

یہ بات انہوں نے آج فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پی سی ایس آئی آرکے 16 میں سے 9 ادارے تحقیق جبکہ باقی 7 مختلف قسم کی تربیت دے رہے ہیں جن کا بنیادی مقصد مقامی صنعتوں کی تحقیق سے متعلقہ ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مجوزہ لیبارٹری میں زیادہ توجہ ٹیکسٹائل پر دی جائیگی تاہم اس کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں کی ضروریات کو بھی پورا کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حالیہ دورہ میں پی سی ایس آئی آر کیلئے سرکاری یا نجی جگہ دیکھنے کے علاوہ دیگر ضروری انتظامات کا بھی جائزہ لیں گے تا کہ اس سنٹر کو جلد از جلد چالو کیا جا سکے۔ پی سی ایس آئی آر کے سیمپل کلیکشن سنٹر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ فوری طور پر اس سنٹر کو چیمبر کے کمپلیکس میں بھی قائم کرنے کو تیار ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ چیمبر کے ممبران پر مشتمل وفد فوری طور پر لاہور لیبارٹری کا دورہ کرکے وہاں مہیا کی جانے والی سہولتوں کا از خود جائزہ لے سکتا ہے جس کی روشنی میں فیصل آباد سنٹر کو زیادہ با مقصد اور با معنی بنانے کے ساتھ ساتھ یہاں کی مخصوص ضروریات کیلئے تربتی کورسوں کی بھی نشاندہی کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی ایس آئی آر اس وقت 395 قسم کے مختلف ٹیسٹ کرنے کے علاوہ ان کی سرٹیفیکیشن بھی کر رہا ہے جن کو عالمی سطح پر تسلیم بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے سرٹیفیکیٹ مارکیٹ سے بہت کم قیمت پر کئے جا تے ہیں جن سے خاص طور پر ٹیکسٹائل کے برآمدکنندگان کو فائدہ اٹھانا چاہیئے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کا ادارہ پہلے فیصل آباد پر پوری توجہ نہیں دے سکا تاہم اب اس شہر کی صنعتی ،کاروباری اور برآمدی اہمیت کے پیش نظر اس پر زیادہ توجہ دی جائیگی۔

انہوں نے پی سی ایس آئی آر کی لیبارٹریوں میں فراہم کی جانے والی جدید سہولتوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ فیصل آباد کے ادارے جدید ٹیکنالوجی سے اپنی مصنوعات کی کوالٹی کو بڑھائیں تا کہ ملک کیلئے زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ کمایا جا سکے۔ ۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری محمد نواز نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر کا تعارف کرایا اور بتایا کہ ٹیکسٹائل کے شعبہ میں ملک کیلئے 6 ارب ڈالر کا زر مبادلہ کمانے کے باوجود ابھی تک فیصل آباد لیبارٹری کی جدید سہولتوں سے محروم ہے۔

ا نہوں نے کہا کہ آج بھی فیصل آباد میں 1970 کی بنی ہوئی لومزاستعمال ہو رہی ہے جبکہ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی نے بھی اس سلسلہ میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ چوہدری محمد نواز نے پی سی ایس آئی آر کو سیمپل کلیکشن سنٹر بنانے کیلئے ایف سی سی آئی کمپلیکس میں جگہ کی بھی پیشکش کی۔ بعد میں پی سی ایس آئی آراور ایف سی سی آئی کے درمیان مفاہمت کی ایک یاد داشت پر بھی دستخط ہوئے جس کے تحت دونوں ادارے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔

سوال و جواب کی نشست میں سابق صدر انجینئر سہیل بن رشید ، رانا سکندر اعظم، چوہدری محمد اسحق، ممتاز باجوہ اور چوہدری طلعت محمود نے بھی حصہ لیا ۔ آخر میں چیمبر کے سابق صدرشیخ عبدالقیوم نے پی سی ایس آئی آرکے چیئرمین ڈاکٹر شہزاد عالم کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ نائب صدر جمیل احمد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :