خیبرپختونخواہ حکومت اس سال مزید 14ہزار اساتذہ بھرتی کرے گی،ڈپٹی سیکرٹری ایجوکیشن کے پی کے،تعلیمی معیار میں بہتری اساتذہ کی مناسب تربیت پر منحصر ہے،ماہرین

ہفتہ 19 دسمبر 2015 09:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19دسمبر۔2015ء)ملک میں تعلیمی معیار کی بہتری اور بچوں کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے اساتذہ کی مناسب تربیت کلیدی کردار کی حامل ہے،ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شاہد صدیقی اور دوسرے ممتاز ماہرین تعلیم نے گزشتہ روز تعلیمی معیار کے حوالے سے جاری کی جانے والی اثر2015رپورٹ کے تناظر میں منعقد ایک مباحثے کے دوران کیا،ماہرین کے مطابق اثر رپورٹ میں بچوں کے سیکھنے اور استعدادکار کے حوالے سے دیئے جانے والے اعدادوشمارتعلیمی نظام اور معیار کیلئے کھلا چیلنج ہے اور اس ضمن میں بہتری لانے کیلئے اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے،وفاقی دارالحکومت میں جاری کی جانے والی اثر رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں پانچویں جماعت کے صرف انچاس فیصدبچے اور دوسری جماعت کے سطح کے انگریزی استعطات کے حامل ہیں جبکہ اسی سطح کے صرف پچاس فیصد بچے ریاضی کا وہ سوال حل کر سکتے ہیں جو دوسری جماعت کے نصاب کا حصہ ہے، اثر رپورٹ کے حوالے سے منعقد مباحثے میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی،اوپن سوسائٹی فاؤنڈیشن کی نرگس سلطانہ اور صوبائی تعلیمی وزارتوں کے نمائندوں نے خطاب کیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خیبرپختونخواہ کے ڈپٹی سیکرٹری تعلیم عابد اللہ نے اپنے صوبے میں جاری تعلیمی اصلاحات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس سال چودہ ہزار مزید اساتذہ بھرتی کرے گی جو صوبہ بھر میں تعلیم کی بہتری میں اپنا کردار اداکریں گے،مباحثے کے اختتام پر بیلہ رضا جمیل نے اثر رپورٹ کی روشنی میں تیار کی گئی سفارشات پیش کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ معاشرے میں تعلیمی معیار کے حوالے سے اساتذہ کے کلیدی کردارکو سمجھا جائے اور ان کے لیے مناسب تربیت کا اہتمام کیا جائے تاکہ وہ زیر تعلیم بچوں کے استعدادکار میں اضافے کا باعث بنیں۔