شیخوپورہ ، آزاد حیثیت سے الیکشن جیتنے والے نمائندوں کا مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان،وفاقی وزیر را نا تنویر حسین نے خوش آمدید کہا

پیر 21 دسمبر 2015 09:18

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21دسمبر۔2015ء )شیخوپورہ میں آزاد حیثیت سے الیکشن جیتنے والے یونین کونسلز کے 24چئیرمین نے اپنے تمام وائس چئیرمین اور جنرل کونسلر کے ہمراہ مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے ، مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان انہوں نے مریدکے میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اینڈ سائنس ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین اور رکن قومی اسمبلی رانا افضال حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا ،اس موقع پر وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اینڈ سائنس ٹیکنالو جی را نا تنویر حسین نے تمام نومنتخب نمائندوں کو مسلم لیگ ن میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی پالیسیوں کے مطابق عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے انہوں نے نومنتخب نمائندوں پر زور دیا کہ انہیں عوام نے جس مقصدکے لیے انہیں ووٹ دیکر منتخب کیا ہے وہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں اور ان کے مسائل کی نشاندہی کریں مسلم لیگ ن اور اسکی قیادت عوام کے تمام مسائل حل کرے گی، اس موقع پر نومنتخب نمائندوں نے ضلع کونسل کے لیے مسلم لیگ ن کی جانب سے چئیرمین کے امیدوار احمد عتیق انور کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ۔