ناسا نے سسٹم میں خرابی کے بعد مریخ مشن معطل کر دیا،مریخ مشن کے بارے میں فیصلہ آئندہ مہینوں کے دوران کیا جائے گا ،جان گرنس فیلڈ

جمعرات 24 دسمبر 2015 09:54

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24دسمبر۔2015ء)امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے تحقیق کے ایک اہم آلے میں پیدا ہونے والی خرابی کے بعد آئندہ برس مارچ سے شروع ہونے والے اپنے مریخ مشن کو معطل کر دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ناسا کا کہنا ہے کہ فرانس کی خلائی ایجنسی کی جانب سے فراہم کیے جانے والے آلے میں خرابی کا مطلب ہے کہ اس کا مریخ مشن شروع نہیں ہو سکتا۔

ناسا کے مطابق آلے میں پیدا ہونے والی خرابی سے اس بات کا خدشہ ہے کہ اس مشن کو اب دو سال کی تاخیر کا سامنا ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان سائٹ خلائی جہاز کو آئندہ برس چار سے 30 مارچ کے دوران خلا میں جانا تھا جہاں اسے چھ ماہ بعد سرخ سیارے پر اتر کر مریخ کی سطح کا گہرائی سے مطالعہ کرنا تھا۔ناسا کا کہنا ہے کہ اس نے مریخ مشن کو معطل کرنے کا فیصلہ تحقیق کے آلے میں پیدا ہونے والی خرابی کو درست کرنے میں ناکامی کے بعد کیا ہے۔خبر رساں ادارے نے ناسا کے جان گرنسفیلڈ کے حوالے سے بتایا ہے کہ مریخ مشن کے بارے میں فیصلہ آئندہ مہینوں کے دوران کیا جائے گا تاہم یہ بات بالکل واضح ہے کہ ناسا مریخ کی سائنسی دریافت اور معلومات کے حصول کے اپنے عزم پر مکمل طور پر قائم ہے۔