محکمہ خزانہ سرکاری محکموں کی تجویز کردہ نئی آسامیوں کی تعداد میں کٹوتی نہ کرے ،پرویز خٹک،محکموں کی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے ایسی آسامیوں کی من و عن منظوری دی جائے،وزیر اعلیٰ کا حکم

جمعرات 24 دسمبر 2015 09:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24دسمبر۔2015ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے متعلقہ حکام کو حکم دیا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی ادارے (اتھارٹی) قائم کرنے سے متعلق ان کے اعلانات پر عملدرآمد میں پیش رفت تیز کی جائے اور ترقیاتی اتھارٹیوں کو قانون کے دائرے میں لانے کی غرض سے قانون کا مسودہ بھی جلد تیار کیا جائے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 20ویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ٹورازم کارپوریشن کے رواں سال کے اخراجات کیلئے پانچ کروڑ روپے اور بورڈ آف ڈائریکٹرز میں نجی شعبہ سے چار ارکان شامل کرنے کے علاوہ متعدد منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ایم پی اے زاہد درانی، چیف سیکرٹری امجدعلی خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر حماد آغا، سیکرٹری سیاحت و سپورٹس محمد اعظم خان، سیکرٹری ماحولیات نذر حسین شاہ، منیجنگ ڈائریکٹر ٹی سی کے پی مشتاق احمد اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران کارپوریشن کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا اور کارپوریشن کو رواں سال کیلئے مقرر کئے گئے اہداف حاصل کرنے کے قابل بنانے کیلئے متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔

ان امور میں صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سیاحت کے شعبے کے منصوبے اور ٹورازم کارپوریشن کے بجٹ و اکاؤنٹس سے متعلق معاملات قابل ذکر ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اس موقع پر سیاحت اور ماحولیات کے محکموں کو ہدایت کی کہ وہ پشتون گڑھی، ضلع نوشہرہ میں زیر تعمیر پل کے ساتھ جدید طرز کا تفریحی پارک اور اسی علاقے میں جنگلی حیات کے تحفظ کے اقدامات سمیت ویٹ لینڈ پارک کے قیام کے منصوبوں کے قابل عمل ہونے کی تجویز کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں۔

انہوں نے چڑیا گھر کے منصوبے پر کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے نتھیا گلی میں تفریحی سہولتوں، خوبصورتی، سڑکوں کی بحالی اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کو آئندہ سیاحتی سیزن سے قبل ہر صورت میں مکمل کرنے کا بھی حکم دیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے محکمہ خزانہ سے کہا کہ وہ مختلف سرکاری محکموں کی طرف سے تجویز کردہ نئی آسامیوں کی تعداد میں کسی قسم کی کٹوتی نہ کرے اور ان محکموں کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے ایسی آسامیوں کی من و عن منظوری دے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ٹورازم کارپوریشن کی سیاحت کے فروغ کی 12سکیموں پر 244.124ملین روپے خرچ کئے جائیں گے جن میں مختلف سیاحتی مقامات پر سیاحوں کیلئے سہولیات، و اکنگ اور جیپ ٹریکس کی تعمیر، ٹورسٹ کیمپس کا قیام، واٹر سپورٹس اور مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر سیاحتی پروگراموں کا انعقاد شامل ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال کے دوران فروری سے اب تک سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے 18پروگرام منعقد کئے گئے۔وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اجلاس کے دوران سیکرٹری سیاحت کی جانب سے پیش کی گئی ایک تجویز کی بھی منظوری دی جس کے مطابق ایبٹ آباد سے پشاور تک مانسہرہ، چلاس، شندور اور چترال کے راستے سیاحتی روٹ پر ایک کار/جیپ ریلی منعقد کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس ریلی کو آئندہ جولائی کے شندور میلے سے منسلک کرنے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :