عمران خان نے پشاور زلمے کے معاون کے طور پر دستخط کردیئے ،عمران خان معاون کے طورپر شاہد آفریدی کی زیر قیادت ٹیم کو ویژن دیں گے، سربراہ پشاور زلمے ،زلمے کا مطلب ہی ہمارے خطے کے نوجوان ہیں اور عمران خان جیسے حقیقی ہیرو سے بہتر کون ہوسکتا ہے جو معاون کی صورت میں ان کی تربیت کرے، جاوید آفریدی

جمعرات 24 دسمبر 2015 09:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24دسمبر۔2015ء)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمے نے 1992 ورلڈکپ کے چمپئن کپتان عمران خان کو ٹیم کا معاون مقرر کردیا۔پشاور زلمے کے سربراہ جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ عمران خان معاون کے طورپر شاہد آفریدی کی زیر قیادت ٹیم کو ویژن دیں گے۔جاوید آفریدی نے کہا کہ"عمران خان نے ٹیم کے معاون کے طور پر دستخط کردیے ہیں، ہم ان کے پشاورزلمی سے منسلک ہونے پر بہت خوش ہیں"۔

ان کا کہنا تھا کہ "جس نے عظیم عمران خان کے بارے میں نہیں سنا، وہ صرف پاکستان کے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے تاحیات عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں"۔جاوید آفریدی نے کہا کہ زلمے کا مطلب ہی ہمارے خطے کے نوجوان ہیں اور عمران خان جیسے حقیقی ہیرو سے بہتر کون ہوسکتا ہے جو معاون کی صورت میں ان کی تربیت کرے۔

(جاری ہے)

جاوید آفریدی نے عمران خان کی سیاسی حیثیت کے حوالے سے واضح کردیا کہ ان کی تقرری میں سیاست کا کوئی عمل دخل نہیں یہ خالص کرکٹ کا معاملہ ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے حوالے سے آفریدی نے کہا کہ وہ اتھلیٹ کے لیے قابل تقلید ہیں اور بطور کھلاڑی ان کا ریکارڈ اور کردار ناقابل موازنہ ہے۔پشاور کی ٹیم کے مالک نے وسیم اکرم کا اسلام آباد کنگز کے لیے اسی طرح کی خدمات پر موازنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ" وسیم اکرم ایک عظیم کھلاڑی ہیں اور میں ان کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوں اور ان کی ٹیم کی بہتری کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتاہوں"۔