وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ،ڈپٹی سپیکر میرعبدالقدوس بزنجو مستعفی،ثناء اللہ زہری نئے وزیراعلیٰ بلوچستان ہوں گے، آئندہ اجلاس میں وزیراعلیٰ اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا

جمعرات 24 دسمبر 2015 09:34

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24دسمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ڈپٹی سپیکر میر عبدالقدوس بزنجو مستعفی ہوگئے‘ ثناء الله زہری نئے وزیراعلیٰ ہوں گے۔ آئندہ اجلاس میں وزیراعلیٰ اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ 2013 ء کے انتخابات کے بعد بلوچستان کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے اور مری معاہدے کے تحت انہوں نے اڑھائی سال کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور بدھ کے روز اپنا استعفیٰ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کو پیش کیا جنہوں نے ان کا استعفیٰ منظور کرلیا وزیراعلیٰ کے ساتھ ہی ڈپٹی سپیکر میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ان کے استعفوں کے بعد آئندہ ہونے والے اجلاس میں بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا اور مسلم لیگ ن کے نواب ثناء الله زہری نئے وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوں گے جو باقی مدت پوری کریں گے۔ ڈپٹی سپیکر کیلئے ابھی کوئی حتمی نام سامنے نہیں آیا بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بلائے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔