1320 میگا واٹ پورٹ قاسم پاور پلانٹ پر 80 فیصد کام مکمل ہوگیا، عابد شیر علی

بدھ 22 فروری 2017 23:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات فروری ء) وزیرمملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں وزیراعظم اور ان کی فیملی سرخرو ہوگی،ملک کو ترقی کی راہ سے نکالنے اور دھرنا سیاست کرنے والوں کا احتساب قوم کرے گی،عمران خان جہانگیر ترین کے منشی بنے ہوئے ہیں اور ان کے جہاز میں گھومتے ہیں اور عمران خان جہانگیر ترین کے غلط کاموں کا دفاع کر رہے ہیں،پی ٹی آئی کا سونامی تعمیر و ترقی میں بہہ جائے گا، ،1320 میگا واٹ پورٹ قاسم پاور پلانٹ پر 80 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے ، 660 میگاواٹ ستمبر جبکہ جنوری 2018ء تک دوسرا مرحلہ بھی مکمل ہوجائے گااور 2018ء میں لوڈ شیڈنگ کا ملک میںخاتمہ ہوجائے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو پورٹ قاسم پربن قاسم کول الیکٹرک پاور پلانٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ 1320 میگا واٹ کے پورٹ قاسم پاور پلانٹ پر تیزی سے کام جاری ہے، نیپرا نے پاورپلانٹ کی تعمیر کے لئے 48 ماہ کا وقت دیا تھا لیکن 80 فیصد کام 21 ماہ کے قلیل اور ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگیا ہے، پاورپلانٹ کے 660 میگا واٹ ستمبر2017ء جبکہ باقی 660 میگا واٹ جنوری 2018ء تک مکمل ہوجائے گا، یہ دنیا کا واحد پاورپلانٹ ہے جو ایک ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگا، پاور پلانٹ کے لئے 10 ماہ کے قلیل مدت میں 280 میٹر جے ٹی بھی تعمیر کی گئی ہے، ایسا لگتا ہے کہ یہاںجنات نے کام کیا ہے۔

عابد شیر علی نے کہا کہ یہ انقلابی اقدام وزیراعظم محمد نوازشریف کے حکومت نے اٹھایا ہے اور اس کا کریڈٹ موجودہ حکومت کو جاتا ہے، ٹرانسمیشن کا کام مئی 2017 ء تک مکمل کرکے نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا اور اس کے بعد ٹیسٹنگ کا کام شروع ہو جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ جب ہم حکومت میں آئے تھے تو اس وقت بجلی کی پیدوار 13 ہزار میگا واٹ تھی جبکہ ہم نے پاور پلانٹ کے پیداواری صلاحیتوں کو بڑھایا اور آج 17 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، ملک میں بجلی پیدا کرنے کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے اور لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی آئی ہے اور یہ دورانیہ مزید کم ہوگا ۔

وزیر مملکت نے کہا کہ 1999ء کے بعد جو حکومتیں آئی انہوں نہ تو ٹرانسمیشن پر کوئی کام کیا اور نہ ہی بجلی کی پیدوار پر کوئی کام کیا ، ہماری حکومت سے پہلے لوگ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے تھے لیکن آج صنعتوں کو لوڈ شیڈنگ سے مسثنی کر دیا گیا ہے اور وہاں کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی ہے اور مجموعی طور پر بھی لوڈ شینڈنگ کے دورانیہ میں کمی آئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا خواب تعمیر و ترقی کا ہے جو جتنی چاہے رکاوٹیں ڈالے پاکستان ترقی کی منازل طے کرتا رہے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ جنہوں نے ملک کو لوٹا ہے اور جنہوں نے دھرنے دیئے ہیں عوام ان سے پوچھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں میں شفافیت کے ساتھ کام ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کام کی بنیاد پر 2018ء کے الیکشن میں عوام سے ووٹ مانگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے موجودہ دور حکومت میں عالمی ادارے کرپشن میں کمی کا اعتراف کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کراچی سمیت سندھ سے نشستیں جیتے گی۔ وزیرمملکت نے کہا کہ لاڑکانہ پر 90 ارب روپے خرچ کرنے کا کہا گیا ہے لیکن شہر کھنڈر کا منظر پیش کررہا ہے،لاڑکانہ میں ترقیاتی کاموں کے نام پر 90ارب روپے کی خورد برد کی گئی اگر یہ رقم کراچی میں استعمال کی جاتی تو شہر پیرس بن جاتا ، کراچی پاکستان کا دل ہے ، وفاقی حکومت نے کراچی کے عوام کے لئے گرین لائن بس منصوبہ، موٹروے سمیت کئی منصوبے شروع کئے ہیں۔

انہوں نے ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا ۔ بجلی منقطع کرنے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجلی ان لوگوں کو ملے گی جو وقت پر بل ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بجلی کے واجبات ادا کردیں۔وزیر مملکت نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم سے کہوں گا کہ وہ کراچی کی صفائی کا ذمہ بھی اپنے سر لے لیں ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت کو ملک کو اندھیروں سے نکالنے کا عزم کررکھا ہے،سندھ پاکستان کی آنکھیں ہیں جس کے بغیر روشنی نہیں مل سکتی تاہم صوبے میں کرپشن اپنے عروج پر ہے ،کراچی کی حالت زار دیکھ کر مجھے افسوس ہورہا ہے،شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور گندگی کا ڈھیر لگا ہوا ہے۔عابد شیر علی نے کہا کہ سندھ کے سابق وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن مفرور ہے ۔

انہوںنے قوم کا پیسہ لوٹ کر خود ساختہ جلاوطنی اختیار کررکھی ہے ۔بلاول بھٹو زرداری سے کہوں گا کہ شرجیل میمن کو پکڑ کر واپس وطن لائیں ۔حکومت سندھ کو بھی چاہیے کہ وہ مفرور شرجیل میمن کو گرفتا ر کرے جس کے گھر سے اربوں روپے برآمد ہوئے تھے ۔انہوںنے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ سے نکالنے اور دھرنا سیاست کرنے والوں کا احتساب قوم کرے گی ۔ہم آئندہ بھی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیاب ہوں گے ۔

عابد شیر علی نے کہا کہ جہانگیر ترین ڈاکو ہے جو غریبوں کا استحصال کرتا ہے ۔یہی جہانگیر ترین عمران خان کے گھر اور دیگر لوازمات کے خرچے برداشت کرتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ غیر قانونی مدارس کے خلاف کارروائی وفاق کا نہیں بلکہ سندھ حکومت کا کام ہے،وفاق صوبے کو سہولیات فراہم کرتا ہے ،پولیس کو جب تک غیر سیاسی نہیں بنایا جاتا اس وقت مثبت نتائج برآمد نہیں ہوسکتے ہیں ۔#

متعلقہ عنوان :