صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے 7794 ملین روپے لاگت کے 22 پراجیکٹس کی منظوری دے دی

جمعرات 2 مارچ 2017 23:22

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ مارچ ء)صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی ( پی ڈی ڈبلیو پی ) نے 7794.221 ملین روپے لاگت کے 22 پراجیکٹس کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت جمعرات کے روز منعقدہ ایک اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں اس کے ممبران اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے کی ترقی کیلئے اعلیٰ تعلیم ، کھیل و سیاحت ، بہبود آبادی ، زراعت ، خوراک ، کثیر شعبہ جاتی ترقی ، سزکوں ، ڈی ڈبلیو ایس ایس ، شہری ترقی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں سے متعلق 30پراجیکٹس پر تفصیلی غور و خوض کے بعد 22پراجیکٹس کی منظوری دی گئی جبکہ آٹھ منصوبوں کو غیر موزوں ڈیزائن و حکمت عملیوں کے باعث موخر کر کے ان کی تصحیح اور بہتری کیلئے متعلقہ محکموں کو واپس بھیج دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں مردان میں خواتین یونیورسٹی کے قیام ، جی آئی کے انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ میں اکیڈمک بلاک کی تعمیر شامل ہیں جبکہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے شعبے میں واحد ایک پراجیکٹ ’’ کالام ایریا مربوط ترقیاتی پراجیکٹ ‘‘ اور صحت کے شعبے میں بھی واحد منصوبے ’’ خیبر پختونخوا میں جسمانی معذوروں کی بحالی کیلئے خدمات کو مستحکم بنانے ‘‘ کے منصوبے کی منظوری دی گئی ۔

زراعت کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں ملاکنڈ ڈویژن میں کراس بریڈنگ کے ذریعے سنان بکریوں کے ساتھ مقامی بکروں کی جینیاتی بہتری اور خیبر پختونخوا میں ماہی پروری کے فروغ جبکہ خوراک کے شعبے میں منظورہ کردہ ایک واحد منصوبے میں محکمہ خوراک کی خودکاری شامل ہے۔کثیر شعبے جاتی ترقی میں منظور کردہ منصوبے میں ایم ڈی ٹی ایف کی معاونت سے طرز حکمرانی اور پالیسی اصلاحات شامل ہے۔

سڑکوں کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے صوبائی سڑکوں کی بحالی کے پراجیکٹ کیلئے پراجیکٹ کی تیاری اور تکنیکی معاونت کی فزیبلٹی سٹڈی ،پی کے۔64ڈی آئی خان میں نو کلومیٹر سرکلر روڈ کی تعمیر اور فزیبلٹی سٹڈی ، اکوڑہ خٹک سے منائی دوران ترخیل ، شہاب خیل سے گل ڈھیری رابطہ ، سرخیل پٹائو سے کا کا صاحب عید گاہ ، خوڑ میاں گان سے خوڑیاں براستہ باغ گلی سے بس اڈہ کا کا صاحب نوشرہ کی بہتری، توسیع ، ڈیزائن اور فزیبلٹی سٹڈی ، ضلع نوشرہ میں یونین کونسل پبی ، خان شیر گڑھی ، چوکی ممریز ، اکبر پورہ اور تارو میں اندرونی سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر ، پختگی اور نکاسی کی تعمیر شامل ہے۔

اسی طرح ضلع نوشہرہ ( فیز ٹو) میں ہی یونین کونسل ڈاگئی بانڈہ نبی ، پیر پیائی ، بدرشی ، اضا خیل بالا اور پایان میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر ، ضلع نوشہرہ میں ڈاگ اسماعیل خیل ، شاہ کوٹ ، ڈاگ بیسود ، بالو ،سپن خاک اور جلوزئی میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر ، گلیوں کی پختگی اور نکاسی آب کی سکیمیوں کی تعمیر ، خیبر پختونخوا میں سڑکوں کے ہنگامی نوعیت کے کاموں کی سکیم ، سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثرہ سڑکوں اور پلوں ( ایس ڈی جی ) کی بحالی کیلئے اقدامات ، پبلک ہیلتھ انجنئرنگ کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات سے متاثرہ پانی کی فراہمی کی سکیموں کی بحالی کیلئے اقدامات ، ( ایس ڈی جی ) ، ضلع چارسدہ تحصیل تنگی میں پانی کی فراہمی ، نکاسی اور ڈسٹریبیوشن ورکس سکیمیں شامل ہیں۔

شہری ترقی کے شعبوں میں منظور کردہ منصوبوں میں پشاور یونیورسٹی روڈ نمبر1کی بہتری ، توسیع اور دو رویہ بنانا اور شندور چترال روڈ کی بہتری اور توسیع کیلئے ڈیزائننگ اور فزیبلٹی سٹڈی شامل ہیں ۔ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں خیبر پختونخوا سرکلر ریلوے کیلئے کنسلٹنٹ / ریلوے ایکسپرٹ کی خدمات کے حصول کیلئے پی سی ٹو کا ایک پراجیکٹ منظور کیا گیا۔