لاپتہ افراد کیس میں سندھ ہائیکورٹ درخواستوں کی عدم پیروی پر ایم کیوایم پر برہم

جمعرات 2 مارچ 2017 23:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ مارچ ء)سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران ایم کیو ایم کی جانب سے عدم پیروی پر برہمی کا اظہارکیا ہے،سندھ ہائی کورٹ میں جمعرات کو ایم کیوایم پاکستان کے 10 لاپتہ کارکنوں سمیت 60 افراد کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،عدالت میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کیسز کی مسلسل عدم پیروی پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار اور ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنوں کے اہل خانہ مقدمات کی پیروی کرنے نہیں آتے اور پھر کہتے ہیں عدالتیں ہمارے ساتھ انصاف نہیں کرتیں، اگر فاروق ستارمقدمات کی پیروی کے لئے عدالت میں نہیں آسکتے تو انہوں نے درخواستیں کیوں دائر کر رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت میں تفتیشی افسر نے ایم کیوایم کے کارکن فہیم ریاض کی رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ 2013 سے لاپتہ کہلانے والافہیم ریاض پولیس کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھا اور جیل میں ہے۔عدالت نے کہا کہ جس گھر کا فرد غائب ہوجائے اس کی تکلیف کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا عدالت نے لاپتہ شہریوں کی فوری بازیابی کا حکم دیتے ہوئے پولیس، رینجرز اور فریقین سے 2 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔