120کے قریب افراد کھانا کھانے کے بعد بل ادا کیے بغیر فرار ہو گئے ،سپین میں ریستوران کے مالک کا دعویٰ

جمعہ 3 مارچ 2017 23:25

میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ مارچ ء)سپین میں ایک شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ 120 کے قریب افراد اس کے ریستوران میں کھانا کھانے کے بعد بل ادا کیے بغیر فرار ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سپین کے شمال مغربی علاقے بیمبائبر میں پیش آیا۔ریستوران کے مالک اینٹونیو روڈرج نے بتایا کہرومینیائی نسل کے لوگوں نے پہلے ہی سے 950 ڈالر کی رقم ادا کر کے کارمین ریستوران بک کروایا تھا لیکن کھانا کھانے کے بعد ابھی ڈیزرٹ یعنی مٹھائی کا دور باقی تھا کہ بقایا رقم ادا کیے بغیر ہی سب کے سب بھاگ نکلے۔

انھوں نے بتایا کہ یہ سب ایک منٹ کے وقفے میں ہی ہوا۔ یہ سب پہلے ہی منصوبہ سازی کے تحت کیا گیا اور بھگدڑ کی شکل میں فرار ہوئے۔'اینٹونیو کے مطابق انھیں تقریبا دو ہزار یورو کی مزید رقم ادا کرنا تھی۔

(جاری ہے)

روڈرج نے اس واقع کی تفصیل پولیس کو بتائی ہے لیکن باقی پیسہ ملے گا اس کی انھیں امید کم ہی ہے۔پولیس نے ایک مقامی اخبار کو بتایا ہے کہ ابھی تک کھانا کھانے والے گروپ میں سے کسی سے بھی رابطہ نہیں ہو پایا ہے۔مالک کا کہنا تھا کہ ڈنر کرنے والوں نے پہلے سٹارٹر کھایا، پھر کھانا کھایا اور ساتھ میں شراب کی تقریبا 30 بوتلیں پیں۔انھوں نے کہا کہ وہ گذشتہ 35 برس سے یہ کاروبار کر رہے ہیں لیکن اس سے قبل ان کے ساتھ کبھی ایسا واقعہ پیس نہیں آیا تھا۔