ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کا میٹرک کے سالانہ امتحانات کیلئے 400امتحانی مراکز بنانے کا فیصلہ

28مارچ سے شروع ہونیوالے سالانہ امتحانات کیلئے امتحانی مراکز کے انتخاب کا عمل مکمل کر لیا ،پروفیسر سعید الدین بورڈ میںمستقل ناظم امتحانات و سیکریٹری کی عدم تعیناتی سے امتحانی عمل کسی صورت متاثر نہیں ہو گا،چیئرمین ثانوی بورڈ

جمعہ 3 مارچ 2017 23:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ مارچ ء)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے رواں ماہ کے آخری ہفتے میں شروع ہونیوالے میٹرک کے سالانہ امتحانات کیلئے 400امتحانی مراکز بنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس بار 120گزیا اس سے چھوٹے رقبے پر قائم اسکولوں کوامتحانی مراکز کا درجہ نہیں دیا جائگا ، ملک میں جاری مردم شماری کے باعث دوران امتحانات سرکاری اساتذہ کی کمی کے پیش نظر پرائیوٹ سیکٹر سے اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گے ۔

اس حوالے سے چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے جمعہ کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت سالانہ امتحانات 28مارچ سے شروع ہو رہے ہیں ،ثانوی بورڈ نے امتحانی مراکز کے انتخاب کا عمل مکمل کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

سالانہ امتحانات میں تقریباً 400امتحانی سینٹرز بنائے جا رہے ہیں، چھوٹے اسکولوں میں سینٹرز نہیں بنائیں گے ہماری کوشش ہے کہ 120یا اِس سے چھوٹے رقبہ،کچی گلیوں یا اندورون علاقوںمیں قائم اسکولوں کو کسی صورت سینٹرز نہ بنائیں کیونکہ ویجیلنسز ٹیموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس ضمن میں اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویجلینس ٹیموں کی ڈیوٹیاں اُن کے اپنے علاقوںمیں لگائی جائیں گی تاکہ وہ سینٹرز کی نگرانی موثر انداز میں کرسکیں۔ دوسرے علاقے میں ڈیوٹی لگانے سے ویجلنس ٹیموں کو دشواریوںکا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے مزید کہا کہ مردم شماری کے دوران امتحانی عمل ایک چیلنج سے کم نہیں ہے سرکاری اسکولز کے اساتذہ کی کمی کو پرائیوٹ سیکٹر کے ذریعہ پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ثانوی بورڈ کراچی میںمستقل ناظم امتحانات و سیکریٹری کی عدم تعیناتی سے امتحانی عمل متاثر نہیں ہو گا لیکن اس کے باوجود سیکریٹری بورڈز اینڈ یونیورسٹیز کوسندھ کے تمام چیئرمینز نے مستقل ناظم امتحانات اور سیکریٹری بورڈز کی عد م تعیناتی کے حوالے سے متعدد بار زبانی اور تحریری طور پر آگاہ کر رکھا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ تعیناتی کا عمل کب تک پورا ہوتا ہے دیگر بورڈ بھی انہیں حالات کا سامنا ہے ۔#

متعلقہ عنوان :