محمود عباس ٹرمپ کی نگرانی میں نیتن یاہو سے ملاقات کیلئے تیار

فلسطینی صدر تین مئی کو دورہ امریکہ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں فلسطینی اسرائیل تنازع پر بات چیت کرینگے

جمعہ 21 اپریل 2017 14:38

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ اپریل ء)اسرائیلی عبرانی اخبارات نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نگرانی میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو سے ملاقات کیلئے تیار ہیں۔اسرائیلی عبرانی اخبار ’ہارٹز‘ نے جاپانی اخبار ’اساھی شمبون‘ کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نگرانی میں اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کیلئے تیار ہیں۔

وائیٹ ہاؤس کے ترجمان شون سپائسر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی صدر تین مئی کو امریکہ دورہ کریں گے جہاں وہ وہائیٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں فلسطین۔

(جاری ہے)

اسرائیل تنازع پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔فلسطینی میڈیا کے مطابق صدر محمود عباس کے دورے سے قبل فلسطینی اتھارٹی کا ایک وفد آئندہ اتوار کو امریکہ کے دورے پر جائیگا جو امریکہ میں صدر عباس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کی تیار ی کرے گا۔

وفد میں صائب عریقات اور جنرل انٹیلی جنس چیف ماجد فرج شامل ہوں گے۔ جاپانی اخبار کو انٹرویو میں صدرعباس نے کہا تھا کہ امریکی انتظامیہ اگر ہماری بات سنیں تو یہ ہمارے لئے خوشی کی بات ہوگی۔ ہمیں امریکی حکومت کی طرف سے دورے کی دعوت پیش کی گئی ہے۔ ہم نے امریکا کو بتایا ہے کہ ہم 1967ء کی حدود کے اندر فلسطینی ریاست کے قیام کی بنیاد پر اسرائیل سے بات چیت اور تعاون کیلئے تیار ہیں۔