ڈرونز نے چینی ہوائی اڈے پر افراتفری پھیلا دی

پروازوں کا نظام درہم برہم ،10پروازیں منسوخ کر دی گئیں 58پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں پر اتارنا پڑا ،چار کو واپس بھیج دیا گیا غیر قانونی ڈرونز کی اطلاع دینے والے کو 1500ڈالر انعام دینے کی پیشکش

ہفتہ 22 اپریل 2017 18:12

چینگ ڈو (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار اپریل ء) چین کے جنوب مشرقی صوبے سچوان کے شہر چینگ ڈو شوانگ لیو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر غیر قانونی طورپر پرواز کرنیوالے چار ڈرونز نے ہوائی اڈے پر موجود عملے کو حیران کر دیا اور ہوائی اڈے کا نظام درہم برہم کر کے رکھ دیا۔ مقامی وقت کے مطابق 2:38پر ہوائی اڈے کے عملے کو اطلاعات موصول ہوئیں کہ چار ڈرونزہوائی اڈے کے محفوظ ایریے میں کلیئرنس مانگ رہے تھے جبکہ ان میں سے ایک ڈرون لینڈ کرنے کی پوزیشن میں بھی آ گیا تھا۔

ہوائی اڈے کے ذرائع کے مطابق ان ڈرونز کی پروازوں کے باعث 58پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں پر اتارنا پڑا ،چار کو واپس بھیج دیا گیا جبکہ دس پروازیں منسوخ کردی گئیں ، دس ہزار مسافر ہوائی اڈے پر پریشان پڑے رہے ،ہوائی اڈے پر معمول کا کاروبار ہفتے کی صبح شروع ہوسکا ،ڈرونز کی یہ پروازیں محفوظ شہری ہوابازی کیلئے ایک بڑا خطرہ بن گئے ، جمعرات کو چنگ ڈو کی پولیس نے اعلان کیا تھا کہ وہ دوایسے ڈرونز کے بارے میں تحقیقات کررہے ہیں جو ایئر پورٹ کے اوپر پرواز کررہے تھے جبکہ ہوائی اڈے کا نظام ان ڈرونز کی وجہ سے 14اپریل سے 21اپریل تک معمول کے مطابق نہ رہا ۔

(جاری ہے)

پبلک سکیورٹی کے محکمہ نے اعلان کیا ہے کہ جو کوئی ان ڈرونز کے بارے میں اطلاع دے گا اسے 1500ڈالر انعام دے گا ۔یاد رہے کہ چینگ ڈو کا یہ ہوائی اڈا مغربی چین کا سب سے بڑا ہوا ئی اڈا ہے جہاں سے ہرروز 95علاقائی اور بین الاقوامی پروازیں روانہ ہوتی ہیں۔