پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کا صوبے بھر میں وزیر اعظم نوازشریف کی حمایت میں تحریک شروع کرنے کا فیصلہ

میئر کراچی اور بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دلوانے کیلئے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا جلد آغاز کیا جائے گا جس احتجاجی مظاہرے اورمیں دھرنے دیئے جائیں گے، بابوسرفرازجتوئی کی پریس کانفرنس

ہفتہ 22 اپریل 2017 23:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار اپریل ء)پاکستان مسلم لیگ ن سندھ نے اپوزیشن کی گو نواز گو تحریک کے مقابلے میں صوبے بھر میں وزیر اعظم نوازشریف حمایت تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اس حوالے سے صوبے بھر میں عوامی ربطہ مہم ، ریلیاں ، جلسے ، جلوس منعقد کئے جائیںگے، اس کے علاوہ کراچی کے عوامی مسائل کے حل کے لئے میئر کراچی اور بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دلوانے کے لئے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا جلد آغاز کیا جائے گا جس احتجاجی مظاہرے اورمیں دھرنے دیئے جائیں گے۔

اس حوالے سے سندھ کی دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کئے جائیں گے۔یہ فیصلے ہفتہ کو مسلم لیگ ہائوس کارساز میں مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بابو سرفراز جتوئی کی صدارت میں چھ گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں کئے گئے، اس موقع پر مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکریٹری سنیٹر نہال ہاشمی، سینٹر سلیم ضیاء، کراچی کے صدر منور رضا، خواجہ طارق نذیر، اسد عثمانی، علی اکبر گجر، اور سندھ کے دیگر رہنمائوں اورعہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سندھ حکومت کی خراب کارکردگی اور کرپشن کے حوالے سے سخت مذمت کی گئی۔اور فیصلہ کیا گیا پورے سندھ میں سندھ حکومت کی خراب کارکردگی ، کرپشن، کراچی کے مسائل کے حل کے سلسلے میں اور میئر کراچی کے اختیارات کے لئے کراچی سمیت سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور دھرنے دیئے جائیں گے۔اجلاس میں مسلم لیگ ن کی سندھ بھر میں تنظیم سازی، عوامی رابطہ مہم شروع کرنے اور کراچی سمیت پورے سندھ میں مسلم لیگ ن کے دفاتر کھولنے اور انھیں فعال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیاہے، مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بابو سرفراز جتوئی نے میڈیا سے بات چیت اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سمیت دیگراپوزیشن جماعتوںکی جانب سے وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ عدلیہ کے فیصلے کی توہین ہے اس لئے کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہیں بھی یہ بات نہیں لکھی ہے وزیر اعظم نواز شریف مستعفی ہوں۔

انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کا پانامہ لیکس کے فیصلے کے بعد شور و غل ایسے ہی ہے کہ جیسے چور مچائے شور۔انھوں نے کہا کہ اتوار 23اپریل کی سہ پہر کو مسلم لیگ ہائوس سے کراچی پریس کلب تک وزیر اعظم نواز شریف کی حمایت میں ریلی نکالی جائے گی۔جس میں بڑی تعداد میں مسلم لیگ کے کارکن اور عوام شرکت کریں گے۔اور اس کے بعد سندھ بھر میں وزیر اعظم نواز شریف کی حمایت میں ریلیاں اور جلوس نکالے جائیں اور عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے آغاز سے قبل سندھ کی تمام ااپوزیشن جماعتوں سے رابطے کیئے جائیں گے، اس کے بعد کراچی سمیت پورے سندھ میں دھرنے دیئے جائیں گے اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔