جماعت اسلامی کے تحت کے الیکٹرک کے خلاف سپریم کورٹ میں’’ ون ملین پٹیشن ‘‘داخل کر نے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں

اپریل کو گورنر ہائوس پر احتجاجی دھر نا بھی دیا جائے گا ،احتجاجی تحریک کے سلسلے میں ادارہ نور حق میں پبلک ایڈ کمیٹی کا اجلاس

ہفتہ 22 اپریل 2017 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار اپریل ء)جماعت اسلامی کے تحت کے الیکٹرک کے خلاف کراچی کے شہریوں کی جانب سے سپریم کورٹ میں ’’ون ملین پٹیشن ‘‘ داخل کر نے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ۔اس سلسلے میں شہر بھر میں شکائتی کیمپ قائم کیے جارہے ہیں جبکہ 29اپریل کو گورنر ہائوس پر احتجاجی دھر نا بھی دیا جائے گا ۔

دھر نے میں کے الیکٹرک کے ستائے ہوئے ہزاروں افراد کی شر کت کے پیش نظر بڑے پیمانے پر تیاریاں اور انتظامات بھی کیے جارہے ہیں ۔کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں جماعت اسلامی کراچی کی پبلک ایڈ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس صدر سیف الدین ایڈوکیٹ کی زیر ِ صدارت ادارہ نور حق میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں پبلک ایڈ کمیٹی کے دیگر عہدیداران اور ذمہ داران نے بھی شر کت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گورنر ہائوس پر احتجاجی دھر نے اور ’’ون ملین پٹیشن ‘‘ کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام جماعت اسلامی کی کے الیکٹرک کے خلاف جاری اس مہم سے بہت پرامید ہیں۔ کے الیکٹرک نے حکومت نیپرا اور سیاسی جماعتوں کی ملی بھگت سے بڑی لوٹ مار کی ہے اور عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا ہے ۔

کراچی کا ہر چھوٹا بڑا گھر ،تاجر و صنعتکار اس لوٹ مار کا شکارہیں عوام کی جانب سے جماعت اسلامی کے شکایتی کیمپوں اور دھرنوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور اضافی بلوں کے حوالے سے شکایتوں کے ڈھیر لگ چکے ہیں - عوام جوق در جوق جماعت اسلامی کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی جانے والی’’ ون ملین پٹیشن ‘‘کا حصہ بن رہے ہیں اور جس بڑی تعداد میں عوام اپنے مسائل اور درخواستیں لیکر آرہے ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کے شہری ہر جانب سے مایوس ہوچکے ہیں - اگر ان کے مسائل کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو پھر ان بپھرے ہوئے افراد کو کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا ۔

کے الیکٹرک کو اپنی ہٹ دھرمی چھوڑنی ہوگی اور دو سو ارب روپے کی لوٹ مار کا حساب چکانا ہوگا ۔ سیف الدین ایڈوکیٹ نے پٹیشن فارم کی بڑے پیمانے پر ترسیل اور دستخطی مہم تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے 29 اپریل کو گورنر ہاؤس کے دھرنے کے لئے بھی خصوصی کمیٹیوں اور ذمہ داران کا اعلان کیا۔ اس ضمن میں پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے ہر سطح کے عہدیداران کا ایک اور اجلاس 25 اپریل بروز منگل شام سات بجے طلب کیا گیا ہے - جس میں گورنر ہاؤس پر ہونے والے دھرنے کے سلسلے میں اہم اعلانات و ہدایت جاری کی جائیں گی ۔