امریکہ دہشت گردی کی غلط توجیہہ کر رہا ہی ،بہرام قاسمی

بدھ 28 جون 2017 15:41

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات جون ء) ایران نے کہاہے کہ امریکہ دہشت گردی کی غلط توجیہہ کر رہا ہے۔ بدھ کو ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران نے 6 مسلم ممالک کے شہریوں کے خلاف امریکی عدالت کے فیصلے پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے امریکہ کی سپریم کورٹ کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے 6 مسلم ممالک کے شہریوں کے خلاف امریکہ میں داخلے پر پابندی کے احکامات کے حق میں دیئے جانے والے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے امریکی انتظامیہ مخصوص مفادات کیلئے اپنے ملک میں دہشت گردی اور اس کے ذرائع کے بارے میں غلط بیانی سے کام لیتی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلمانوں کی سفری پابندی پر امریکی عدالت نے عارضی فیصلہ تو دیدیا اور کہا جا رہا ہے کہ اکتوبر میں اس پر تفصیلی کام کیا جائے گا مگر پھر بھی ایسے فیصلوں سے مسلمانوں کے خلاف امریکی حکام کا امتیازی سلوک اور ناروا رویہ نظر آتا ہے۔

(جاری ہے)

بہرام قاسمی نے کہا کہ امریکہ میں رہنے والے مسلمان اور اس ملک کا سفر کرنے والے دنیا کے دیگر مسلمان بشمول ایرانی شہری اپنی ثقافت اور تہذیب کی وجہ سے پٴْرامن طور پر زندگی گزار رہے ہیں اور ہمیشہ انتہاپسندی اور تشدد کو مسترد کردیا ہے جبکہ امریکی حکام ان شہریوں کو توہین آمیز اور ذلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری اور مارچ 2017 میں 6 اسلامی ممالک ایران، صومالیہ، سوڈان، یمن، شام اور لیبیا کے افراد کے امریکا داخلے پر مکمل پابندی کے صدارتی آرڈر جاری کئے تھے جب کہ پناہ گزینوں پر بھی 120 روزہ پابندی عائد کرنے کا کہا گیا تھا جسے مقامی عدالت نے منسوخ کردیا تھا جس پر ٹرمپ انتظامیہ نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے متعدد مسلم اکثریتی ملکوں کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پرعائد کردہ پابندی کی جزوی بحالی کا حکم دیا ہے تاہم عدالت اس بارے میں اکتوبر میں تفصیلی سماعت کے بعد مفصل فیصلہ سنائے گی۔

متعلقہ عنوان :