پشاور، این اے ۔13کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ

سپیکر اسد قیصر کے سوئی گیس کی فراہمی کیلئے مرحلہ وار پائپ لائن بچھانے کیلئے احکامات جاری

جمعرات 20 جولائی 2017 23:22

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ جولائی ء)ضلع صوابی کے حلقہ این اے ۔13کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے جنرل منیجر سوئی گیس خیبرپختونخوا کو ان علاقوں میں سوئی گیس کی فراہمی کیلئے مرحلہ وار پائپ لائن بچھانے کیلئے احکامات جاری کر دیئے ۔انہوںنے یہ احکامات اپنی زیر صدارت صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں دیئے ۔

اجلاس میں ایم این اے عاقب اللہ خان ،جنرل منیجر سوئی گیس ارباب ثاقب ،ڈپٹی چیف انجینئر انعام اللہ یوسفزئی ،ایکسین فواد ،ڈسٹرکٹ انجینئر شاہ عالم ،تحصیل ناظم ٹوپی سہیل خان یوسفزئی ،تحصیل ناظم چھوٹا لاہور سہیل احمد سمیت دیگر عمائدینِ ضلع صوابی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر منتخب ہونے کے بعد انہوںنے روزاول سے ہی دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کیساتھ ساتھ NA-13کے عوام کو سوئی گیس کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھااور اس کیلئے سرتوڑ جدوجہد کی جس سے حلقہ کے عوام بخوبی باخبر ہیں ۔

آخرکار مجبوراًاپنے بھائی ایم این اے عاقب اللہ خان کی وساطت سے این اے ۔13کے عوام کو سوئی گیس کی فراہمی کیلئے آخری آپشن استعمال کیا اور پشاور ہائی کورٹ میں کیس داخل کیا ۔اللہ تعالیٰ کی مدد اور عوام کی دعاؤں کی بدولت ہم اس جدوجہد میں سرخروہوئے اور پشاور ہائی کورٹ نے ہمارے حق میں تاریخی فیصلہ سنایااور مرکزی حکومت کو این اے۔13کو سوئی گیس کی فراہمی کا حکم جاری کیا اور آج ایک تاریخی اور خوشی کا دن ہے کہ مذکورہ بالاعلاقوں کو گیس کی فراہمی کیلئے ایک بہت بڑے پراجیکٹ کی منظوری حاصل کی گئی۔

اجلاس میں سپیکر نے جی ایم سوئی گیس کو احکامات جاری کئے کہ مذکورہ علاقوں کو مرحلہ وار سوئی گیس کی فراہمی کے لئے پائپ لائنوں کی بچھائی کیلئے جلد ازجلد اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کے ایک دیرینہ مطالبے کو عملی شکل دی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :