حنیف عباسی سپریم کورٹ میں جھوٹے بولنے اور غلط حلف نامہ جمع کرانے پر 7 سال کے لیے جیل جائیں گے۔ فواد چوہدری

بدھ 26 جولائی 2017 22:21

سلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات جولائی ء)) حنیف عباسی سپریم کورٹ میں جھوٹے بولنے اور غلط حلف نامہ جمع کرانے پر 7 سال کے لیے جیل جائیں گے۔ اس لیے اب ان کو اپنی فکر ہونی چاہئے۔ اس کے علاوہ سوال اٹھتا ہے کہ ایس ای سی پی کے خفیہ کاغذات حنیف عباسی کے ہاتھ کیسے آئے، کیا انہوں نے ایس ای سی پی سے کاغذات چوری کروائے، اگر ایسا ہے تو ان پر ایک اور مقدمہ بنتا ہے۔

یہ بات تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ان کا کہنا تھا کہ درحقیقت نون لیگ کی کوئی سیاسی یا قانونی حکمت عملی نہیں۔ اگر بڑے رہنماؤں کا یہ حال ہوگا تو چھوٹوں کا کیا ہوگا۔ حکمرانوں کی صورتحال بہت عجیب ہے نوازشریف یہاں وزیراعظم ہیں اور دبئی میں نوکری کررہے ہیں،خواجہ آصف افواج پاکستان کے سربراہ ہیں اور باہر چھوٹے سے ملازم ہیں،احسن اقبال ملک میں سی پیک منصوبہ چلاتے ہیں اور مدینہ منورہ کی ایک کمپنی میں گارڈ ہیں۔

(جاری ہے)

۔ ایسا لگ رہا ہے کہ نون لیگ کی کابینہ اورنگزیب عالمگیر کی کابینہ ہے۔ انہیں معلوم ہونا چاہیئے کہ نہ تو بیرون ملک آف شور کمپنی بنانا جرم ہے اور نہ پیسے دینا لیکن بچوں کو حرام کے پیسے دینا جرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہانگیرترین کے پیسے ہرجگہ ڈکلیئرڈ ہیں لیکن کہا جارہا ہے کہ جہانگیرترین نے یونائٹیڈ شوگر ملز کے شیئرزخریدے ۔ حنیف عباسی کے وکیل کو یہ بھی نہیں پتا کہ دسمبر2007 میں جہانگیرترین ایک عام شہری تھے۔

جہانگیر ترین پر سرکاری خزانے کے غلط استعمال کا کوئی الزام نہیں اور چیف جسٹس صاحب نے ان کی صداقت کا اعتراف کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاناما کیس میں جلد فیصلہ آجانا چاہیے تاکہ احتساب کا عمل آگے بڑھایا جاسکے۔جب ان لوگوں پر الزام لگتا ہے تو یہ لوگ ایسے محسوس کراتے ہیں کہ جیسے یہ اورنگزیب کی کابینہ ہے، وزرا ٹوپیاں بیج کر گزارا کررہے ہیں، ہر کوئی چھوٹی موٹی نوکری کررہا ہے۔