جوڈیشل مجسٹریٹ نے گردہ سکینڈل میں گرفتار دو آپریشن تھیٹر اسسٹنٹس کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں

ملزم گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کے سنگین جرم میں ملوث ہیں اور ان کے مقدمہ میں نامزد ہونے کی بنیاد پر ضمانت پر رہا نہیں کیا جا سکتا‘ریماکس

بدھ 16 اگست 2017 23:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات اگست ء) ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے گردہ سکینڈل میں گرفتار دو آپریشن تھیٹر اسسٹنٹس کی ضمانت کی درخواستیں خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کے سنگین جرم میں ملوث ہیں اور ان کے مقدمہ میں نامزد ہونے کی بنیاد پر ضمانت پر رہا نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق اعظم سوہل نے ملزم عمر دراز اور شہزاد کی درخواستوں پر سماعت کی، ملزموں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے ملزموں کو مقدمہ میں بے بنیاد ملوث کیا ہے اور اس مقدمہ کی تفتیش بھی مکمل ہو چکی ہے جبکہ گردہ سکینڈل سے متعلق ملزموں سے مزید ریکوری کی بھی ضرورت نہیں ہے ، ملزموں کے وکیل نے مزید موقف اختیار کیا کہ ملزم عمر دراز اور شہزاد کو بلاوجہ جیل میں رکھا گیا ہے ،ملزموں کو مقدمہ کے حتمی فیصلے تک ضمانت پر رہا کیا جائے، ایف آئی اے کے سپیشل پراسکیوٹر مسعود نسیم نے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے ملزموں کو موقع سے گرفتار کیا ہے جہاں دونوں ملزم مرکزی ملزموں ڈاکٹر فواد اور ڈاکٹر التمش کے ساتھ گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کر رہے تھے، ملزموں کے خلاف واضح اور ٹھوس شواہد موجود ہیں ،ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں خارج کی جائیں جس پر عدالت نے مذکورہ بالا حکم جاری کردیا ہے ۔