اسلامی یونیورسٹی میں ایک روح پرور تقریب میں دوغیر مسلم چینی طالب علموں نے اسلام قبول کر لیا

جنہیں صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کلمہ پڑھایا

منگل 22 اگست 2017 22:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اگست ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ایک روح پرور تقریب میں دوغیر مسلم چینی طالب علموں نے اسلام قبول کر لیاجنہیں صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کلمہ پڑھایا۔اسلام قبول کرنے والوں میں ایک طالبہ لوئشا (مسلم نام مریم ) اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ ایجوکیشن میں ایم اے کے تیسرے سمیسٹر کی طالبہ ہیں۔

لوئشا کا تعلق چین کے صوبہ آن ہوئے سے ہے۔ لوئشیا کے خاوند عبداللہ بھی اسلامی یونیورسٹی کا سابق طالب علم تھا اور انہوں نے بھی اسلامی یونیورسٹی میں دوران تعلیم بدھ مت سے تائب ہوکر اسلام قبول کیا تھا۔ اسلام قبول کرنے والا دوسرا نوجوان جان جن ہائیو (مسلم نام محمد) عبداللہ کا قریبی عزیز ہے۔

(جاری ہے)

قبول اسلام کی اس تقریب میں یونیورسٹی کے نائب صدور ڈاکٹر محمد منیر ، ڈاکٹر بشیر خان، ڈینز ،ڈائریکٹرزاور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر نو مسلم طالبہ مریم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قبول اسلام کے بعد وہ خود کوپرسکون محسوس کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا اچھائی اور برائی کی تمیز کے ساتھ آخرت کے تصورات بھی واضح ہو چکے ہیں۔ مریم نے حاضرین سے درخواست کی کہ وہ اسلام پر ثابت قدمی کے لیے دعا کریں۔ اس موقع پر نومسلم محمد نے کہا اسلام کی تعلیمات سے متاثر ہوکر اسلام اختیار کر رہا ہوں جو کہ دین حق ہے اور اسلام میں داخل ہونے پر بہت خوش ہوں اور اسلام کا وسیع مطالعہ کرنے کا خواہشمند ہوں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الدریویش نے کہا اسلام کو اللہ نے آسان دین بنایا ہے اور بحیثیت مسلمان اسلام کی ترویج اور تبلیغ ہمارا اولین فریضہ ہے۔ انہو ںنے نومسلم مریم اور محمد کے قبول اسلام اور ہدایت کے تمام اسباب اور حضرات کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر الدریویش نے دونوں نو مسلموں کے لیے امن و سلامتی اور عافیت کی دعا کی۔ صدر جامعہ نے کہا کہ دین میں کوئی سختی نہیں اور پیغمبر علیہ السلام کا فرمان ہے کہ دعوت دین احسن طریقے سے پہنچائی جائے۔ صدر جامعہ نے دونوںنو مسلم طلباء کے لیے ہدیہ بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :