لیبیا میں اجتماعی عصمت ریزی کے ایک اور واقعے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی

جمعرات 16 نومبر 2017 16:03

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ نومبر ء)لیبیا میں اجتماعی عصمت ریزی کے ایک اور واقعے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیبیا میں سابق مطلق العنان حکمراں معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے طوائف الملوکی کا دور دورہ ہے اور مسلح گینگ اور جرائم پیشہ گروہ کوئی مرکزی حکومت نہ ہونے کی وجہ سے انسانیت کو شرما دینے والے جرائم کے ارتکاب میں آزاد ہیں۔

ایسا ہی ایک واقعہ سرت شہر میں پیش آیا ہے جہاں بعض جرائم پیشہ افراد نے ایک عورت کی اس کے خاوند کے سامنے اجتماعی عصمت ریزی کی ہے ،اس کی ویڈیو بنائی اور پھر اس ویڈیو کو انٹر نیٹ پر اپ لوڈ کرنے کی دھمکی دے کر اس ستم رسیدہ جوڑے کو بلیک میل کرتے رہے ہیں۔سرت میں سکیورٹی حکام نے پہلی مرتبہ اجتماعی عصمت ریزی کے اس واقعیکی تفصیل جاری کی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے مطابق ملزموں نے اس عورت کی اس کے گھر میں خاوند کے سامنے عزت لوٹی تھی اور اس کی تصاویر اور ویڈیو بنا لی تھی۔لیبی حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے سرت کے جنوب میں واقع علاقے جرف میں ایک چھاپا مار کارروائی کرکے اس واقعے میں ملوث مطلوب افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔تاہم انھوں نے واقعے کی تاریخ نہیں بتائی ہے۔سکیورٹی حکام نے بدھ کو اپنے فیس بک صفحے پر جاری کردہ بیان میں بتایا ہے کہ زیر حراست افراد نے متاثرہ عورت کی اجتماعی عصمت ریزی کے بعد اس کے سونے کے زیورات بھی چھین لیے تھے اور وہ اس کے خاوند سے 35 ہزار دینا ر ویڈیو نشر نہ کرنے کے عوض طلب کر رہے تھے۔

لیبیا میں اجتماعی عصمت ریزی کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔اس سے قبل مئی میں دارالحکومت طرابلس میں ایک مسلح گینگ نے ایک عورت کو اغوا کے بعد جنسی ہوس کا نشانہ بنایا تھا۔انھوں نے بھی اس خاتون سے اجتماعی زیادتی کے عمل کی ویڈیو بنا لی تھی اور اس کا کلپ منظرعام پر آنے کے بعد لیبی شہریوں میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔اس سے قبل گذشتہ سال دسمبر میں ایک اور لیبی عورت کی اجتماعی عصمت ریزی کی ایک ویڈیو منظرعام آئی تھی۔متاثرہ عورت سے دارالحکومت طرابلس کے مشرق میں واقع ایک مسلح ملیشیا کے کیمپ میں جنسی درندگی کا مظاہرہ کیا گیا تھا۔