لاہور ہائیکورٹ لاپتہ ناصر عباس شیزاری کی بازیابی کیلئے پولیس کو 22 نومبر تک کی مہلت دے دی

ناصر عباس شیرازی کے بھائی کی جانب سے دائر درخواست میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، رانا ثناء اللہ اور شہباز شریف کو فریق بنایا گیا تھا

جمعرات 16 نومبر 2017 19:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ نومبر ء)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس قاضی محمد امین نے پولیس کو متحدہ وحدت مسلمین کے رہنما اور صوبائی وزیر قانون کی نااہلی کیلئے عدالت سے رجوع کرنے والے لاپتہ ناصر عباس شیزاری کی بازیابی کیلئے پولیس کو 22 نومبر تک کی مہلت دے دی۔ ناصر عباس شیرازی کے بھائی علی عباس کی جانب سے دائر درخواست میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، رانا ثناء اللہ اور شہباز شریف کو فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کے بھائی کو عدالتی مہلت کے باوجود بازیاب نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ پولیس حکام نے لاپتہ شہری کی بازیابی کیلئے وقت مانگا جس پر ہائیکورٹ نے مزید مہلت دے دی۔ درخواست گزار کے وکیل فدا حسین نے بتایا کہ ایلیٹ فورس کی گاڑی میں چار مسلح افراد درخواست گزار کے بھائی ناصر عباس شیرازی کو اٹھا کر لے گئے۔ درخواست گزار نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ناصر عباس نے رانا ثنااللہ کی جانب سے جسٹس باقر نجی کے بارے میں متنازعہ بیان دینے پر انکی نا اہلی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ ناصر عباس شیرازی کی بازیابی کا حکم دیا جائے۔