مردم شماری اور حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیم کی منظور ی ایم کیوایم پاکستان کے ووٹ سے ممکن ہوئی

متحدہ کے ووٹ نہ دینے سے ترمیم کے منظور نہ ہونے کے خطرات موجود تھے وزیراعظم نے ایوان میں ملاقات کے دوران ایم کیوایم کے تحفظات فوری دور کرنے کی یقین دہانی کرا ئی وفد نے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات میں مردم شماری پر تحفظات دورکرنے کی صورت میں ووٹ دینے کی شرط رکھی

جمعرات 16 نومبر 2017 22:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ نومبر ء) مردم شماری اور حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیم منظور کرانے کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات فوری طور پر دور کرنے کی یقین دہانی کرانے پر ایم کیو ایم پاکستان نے اہم آئینی ترمیم کے حق میں قومی اسمبلی میں ووٹ دے دیا، اگر ایم کیو ایم جمعرات کو آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ نہ دیتی تو ترمیم کے پاس نہ ہونے کے خطرات موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں نماز مغرب کے وقفہ کے دوران ایم کیو ایم کے ارکان ایوان میں وزیراعظم کی نشست کے پاس آکر ان سے ملے، جس پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے انہیں تفصیلی ملاقات کیلئے سپیکر سردار ایاز صادق کے چیمبر میں بلا لیا، اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار سمیت دیگر ارکان موجود تھے، جنہوں نے موقف اختیار کیا کہ کراچی میں صحیح مردم شماری نہیں کی گئی لہٰذا جب تک ان کے تحفظات دور نہیں کئے جائیں گے وہ آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ نہیں دیں گے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کی ترامیم بل کا حصہ بنائی جائے، جس پر وزیرقانون زاہد حامد نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں اس معاملے پر اتفاق رائے ہو چکا ہے اور صوبائی وزرائے اعلیٰ نے اپنا موقف وہاں بیان کر دیا تھا لہٰذا اگر اس مرحلے پر ایم کیو ایم کی نئی تجاویز کو سنا گیا تو دوبارہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانا پڑے گا اور آئینی ترمیم پھر التواء کا شکار ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیکر سردار ایاز صادق نے ایم کیو ایم کو قائل کیا اور وزیراعظم سے کہا کہ ایم کیو ایم کے تمام تحفظات دور کئے جائیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایم کیو ایم کے تمام تحفظات دور کرنے اور کراچی کیلئے 25ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کے اجراء اور کراچی میں جاری ترقیاتی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی، جس کے بعد ایم کیو ایم نے آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔