وفاقی حکومت نے مردم شماری میں تاخیر کی ، وزیراعلیٰ سندھ

ایک سیاسی ، جمہوری جماعت ہونے کے باعث سے پیپلزپارٹی کبھی بھی ایسی کسی چیز کا حصہ نہیں بن سکتی جس وجہ سے انتخابات میں تاخیر ہو پی ایس پی اور ایم کیو ایم آپس میں لڑتے ہیں تو پھر ایسی باتیں شروع کردیتے ہیں ، میرے خیال میں ان کو خود بھی اس میں کوئی دلچسپی نہیں، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 نومبر 2017 21:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ نومبر ء) آذر بائیجان کے سفیر کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مردم شماری میں تاخیر کی ہے اور جب ہم نے کہا تھا کہ اس حوالے سے وسائل کوبڑھا کر اسے جلدی فائینلائیز کریں مگر اب ہم اس سچویشن میں آگئے تھے کہ اگر ہم یہ نہیں کرتے تو انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کی بات تھی اور ایک سیاسی اور جمہوری جماعت ہونے کے باعث سے پیپلزپارٹی کبھی بھی ایسی کسی چیز کا حصہ نہیں بن سکتی جس کی وجہ سے انتخابات میں تاخیر ہوالہذا یہ کڑوی گولی اسی وجہ سے ہمیں کھانی پڑی لیکن اس کے ساتھ ساتھ مردم شماری کے اندر جو اعتراضات ہیں وہ میں نے سی سی آئی کے اجلاس میں اٹھائے تھے اور اس حوالے سے کمٹمنٹ بھی لی ہے کہ ان کو دور کیا جائے گا تاکہ وسائل کی تقسیم متاثر نہ ہو اور اسمبلی کی جو سیٹیں ہیں وہ ڈی لمیٹڈ ہوجائیں گی اوراگر کوئی بڑا فرق آتا ہے تو بعد میں اس کا ازالہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ پی ایس پی اور ایم کیو ایم جب یہ آپس میں لڑتے ہیں پھر یہ ایسی باتیں شروع کردیتے ہیں اور میرے خیال میں ان کو خود بھی اس میں کوئی دلچسپی نہیں ہے وہ صرف ایک ایشو پیدا کرنے کے لیے ایسے باتیں کررہے ہیں۔ وزیر اعلی سندھ نے پاکستان اور آذر بائیجان کے تعلقات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان اور آذر بائیجان کی دوستی اور جو بھائی چارے کے بارے میں آپ اس بات سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ پاکستان دوسرا ملک تھا جس نے آذربائیجان کی آزادی کو تسلیم کیاتھا اور ہم پہلے ملکوں میں سے ہیں جنہوں نے باقو میں سفارتخانہ قائم کیاتھا۔

اور یہ جو بھائی چارہ ہے اس کو مزید فروغ دینا ہے ۔ پاکستان اور آذر بائیجان کے جو بھی معاملات ہیں اس حوالے سے ہم نے آذر بائیجان کی بین الاقوامی فورم پر سپورٹ کرتے ہیں اور آذر بائیجان نے بھی ہمیشہ پاکستان کے جو انٹرنیشنل ایشوز ہیں خاص طورپر مسئلہ کشمیر ،اس میں ہمیشہ ہمیں سپورٹ کیا ہے ۔