ایران کی شام میں فوجی اڈے کے قیام کی خواہش پوری نہیں ہونے دینگے ، اسرائیل کی دھمکی

ایران شام کی صورتحال سے فائدہ اٹھا کر اسرائیل کے خلاف مورچہ بند ہونے کے منصوبے بنا رہا ہے، وزیراعظم

جمعرات 16 نومبر 2017 19:22

لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ نومبر ء) اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران شام میں مستقل بنیادوں پر اپنے فوجی اڈے بنانے کی خواہش رکھتا ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے،امریکا کے شہر لاس اینجلس میں یہودی فیڈریشن برائے شمالی امریکا کی جنرل اسمبلی میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا کہ ایران شام کی صورتحال سے فائدہ اٹھا کر اسرائیل کے خلاف مورچہ بند ہونے کے منصوبے بنا رہا ہی. اس کے لیے ایران شام میں مستقل بنیادوں پر اپنے فوجی اڈے بنانے کی خواہش رکھتا ہے جو اسرائیل کے خلاف محاذ کی واضح دلیل ہے اسرائیلی وزیراعظم نے ایران کے ساتھ 6 عالمی طاقتوں کے جوہری معاہدے کو تاریخی غلطی قراردیتے ہوئے کہا کہ معاہدے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایران آئندہ دس برسوں میں سیکڑوں جوہری ہتھیار بنانے کے قابل ہوجائے گا جو کہ اسرائیل کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

اگر عالمی برادری اس حوالے سے کوئی واضح اقدامات نہیں کرتی تو اسرائیل کو تنہا ہی اقدامات کرنا ہوں گے، ہم ایران کی جانب سے شام کو اسرائیل کے خلاف فوجی اڈا نہیں بننے دیں گے۔۔