کینیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا جوماکی وزیراعظم سے ملاقات، کینیا کے صدر کی جانب سے دورے کی دعوت

پاکستان اور کینیا کے درمیان مختلف النوع باہمی تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، شاہد خاقان عباسی

پیر 30 اپریل 2018 23:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 30 اپریل 2018ء)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیا کے درمیان مختلف النوع باہمی تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یہ بات کینیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا جوما سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزیراعظم سے پیر کو وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔

ان کے ہمراہ پاکستان میں کینیا کے ہائی کمشنر بھی تھے۔ کینیا کی وزیر خارجہ کینیا کے صدر کے خصوصی نمائندے کے طور پر پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں جس کا مقصد وزیراعظم پاکستان کو کینیا کے دورے کی دعوت پہنچانا ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اس ماہ کے شروع میں برطانیہ میں دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس کے موقع پر کینیا کے صدر کے ساتھ خوشگوار ملاقات کا ذکر کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کینیا کے ساتھ مختلف النوع باہمی تجارت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ کینیا کی وزیر خارجہ ایمبیسڈر ڈاکٹر مونیکا جوما 2 اور 3 مئی کو کراچی میں ہونے والی کینیا پاکستان ٹریڈ و انویسٹمنٹ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔