آصف زرداری کا کسی بھی ریاستی ادارے کے ملازمین کی برطرفی کے خلاف رکاوٹ بننے کا اعلان

پیپلزپارٹی ملازمین نوکریوں کے تحفظ کرے گی ،کسی کو بھی روزگار کے حق سے محروم کرنے کی اجازت نہیں دے گی، پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری کا یوم مئی پر پیغام

پیر 30 اپریل 2018 23:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 30 اپریل 2018ء)سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے کسی بھی ریاستی ادارے سے ملازمین کی برطرفی کی کسی بھی صورت اجازت نہ دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملازمین نوکریوں کے تحفظ کرے گی اور کسی کو بھی روزگار کے حق سے محروم کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اس بات کی بغور نگرانی کر رہی ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کا جواز پیدا کرنے کے لئے حکومت پی آئی اے کو نقصان سے دوچار کر رہی ہے تاکہ اسے ایک ایسانقصان میں چلنے والا ادارہ ظاہر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوم مئی کے موقع پر وہ اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پارٹی مزدوروں کے حقوق اور ان کی عزت اور وقار کی بھی حفاظت کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے مثال لیڈر محترمہ بینظیر بھٹو شہید ہمیشہ مزدوروں کے ساتھ کھڑے رہے اور ان کے روزگار کی حفاظت، مناسب تنخواہوں، حقوق اور وقار کے لئے جدوجہد کرتے رہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے ان لیڈروں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے گی کہ لیڈروں کی جانب سے ان سے کئے وعدوں کو پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے روزگار کے حالات بہتر بنانے اور انہیں استحصال سے نجات دلانے کی جدوجہد ایک مسلسل عمل ہے اور پارٹی یہ جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ مزدوروں کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دلایا جا سکے۔