رات کو سُوکھی مچھلی اور پیاز کھانا شوہر کا جُرم بن گیا

مصری خاتون نے انوکھی بات پر خاوند سے خلع کا مطالبہ کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 3 جون 2019 14:25

رات کو سُوکھی مچھلی اور پیاز کھانا شوہر کا جُرم بن گیا
قاہرہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،3 جُون2019ء) دُنیا بھر میں ازدواجی جھگڑوں کے باعث روزانہ ہزاروں طلاق کے ہزاروں معاملات عدالت میں زیر سماعت ہوتے ہیں۔ تاہم مصر میں ایک خاتون نے عدالت میں خلع کے لیے مقدمہ دائر کیا ہے۔ مصری اخبار الشاھد کی رپورٹ کے مطابق خاتون نے مو¿قف اختیار کیا ہے کہ اس کا شوہرروزانہ رات کو سونے سے پہلے سوکھی مچھلی اور پیاز کھاتا ہے جس کی بدبو اس کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔

سینکڑوں بار منع کرنے کے باوجود وہ اپنی اس پُرانی عادت سے باز آنے کو تیار نہیں۔ خاتون نے بتایا کہ ان دونوں کی شادی کو ایک برس کا عرصہ ہوا ہے۔ خاتون نے کہا کہ ہم دونوں ایک ہی جگہ پر کام کرتے تھے۔ جہاں ہماری دوستی ہوئی جو پھر محبت میں بدل گئی۔ شادی سے پہلے ایک دوسرے کو جاننے کے باوجود مجھے اس کی اس پریشان کُن عادت کے بارے میں قطعی علم نہیں تھا۔

(جاری ہے)

شادی کے ایک ہفتہ بعد جب مجھے رات کے وقت شوہر سے بہت ناگوار سی بو آئی جس سے مجھے متلی ہونے لگی اور سر بھی چکرانے لگا۔ میں نے اُس سے پُوچھا کہ کیا معاملہ ہے تو اُس نے بتایا کہ وہ سُوکھی مچھلی (الرنجة) کھا کر آ یا ہے۔ میں نے اُس سے کہا کہ وہ آئندہ یہ خوراک نہ کھایا کرے۔ آخر میرے اصرار پر یہ طے پایا کہ جب بھی اُسے مچھلی کھانی ہو گی تو وہ اپنی والدہ کے گھر جا کر کھا آئے گا اوراس بات کا خیال رکھے گا کہ اُس کے منہ یا کپڑوں سے مچھلی کی بدبو نہ آنے پائے۔

تاہم میرے خاوند نے ایک ہفتہ ہی میری بات مانی۔ اس کے بعد وہ روزانہ مچھلی اور پیاز کھا کر گھر آتا تو اس سے ناقابل برداشت بو آنے لگتی۔ مجھے یوں لگتا جیسے میں مچھلی منڈی میں مقیم ہوں۔ ایک بار جب ہم تعطیلات کے لیے دُوسرے شہر جانے کی خاطر سامان پیک کر رہے تھے تو مجھے اُس کے کپڑوں کے نیچے سوکھی مچھلیوں کا پیکٹ رکھا نظر آیا۔ یہ دیکھ کر میرے صبر کا بند ٹوٹ گیا اور میں اپنے والدین کے گھر آ گئی۔

مجھے اس شخص سے خلع دلوائی جائے جو سوکھی مچھلی کھائے بغیر رہ نہیں سکتا۔دُوسری جانب خاوند نے عدالت میں کہا کہ مچھلی ایک حلال اور اچھی خوراک ہے۔ وہ کوئی حرام چیز نہیں کھاتا۔ بیوی نے چھوٹی سی بات پر اتنا بڑا مسئلہ کھڑا کر دیا ہے۔ عدالت نے دونوں جانب کے مو¿قف سُننے کے بعد مقدمے کو مصالحتی کمیٹی کے سپرد کر دیا ہے۔

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں