مصر میں ایک گھرانے کے تمام افراد کورونا سے انتقال کر گئے

بدقسمت گھرانے کی والدہ شادی میں شرکت کرنے کے بعد کورونا کا شکار ہوئی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 25 ستمبر 2020 16:39

مصر میں ایک گھرانے کے تمام افراد کورونا سے انتقال کر گئے
قاہرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 ستمبر2020ء) مصر میں ایک خاندان کورونا کے بے رحم ہاتھوں کی گرفت میں اس بری طرح سے آیا کہ اس گھرانے کے تمام افراد اس موذی مرض کے باعث انتقال کر گئے۔ عرب میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس بدقسمت خاندان پر مصیبت اور موت کا پہاڑ اس وقت ٹوٹنا شروع ہوا جب اس گھرانے کی بزرگ خاتون نے ایک شادی میں شرکت کی، جہاں سے انہیں کورونا کی مریض لاحق ہو گیا۔

یہ خاتون چند روز زیر علاج رہنے کے بعد موت کے منہ میں چلی گئیں۔ اس سے قبل ان کے شوہر اور دو بیٹوں میں بھی کورونا کی تشخیص ہوگئی تھی۔ ان افراد کا بھی علاج چل رہا تھا۔ ابھی والدہ کے انتقال کو دس روز ہی گزرے تھے کہ ایک بیٹے نے انکشاف کیا کہ اس کے کورونا سے متاثرہ والد اور بھائی بھی کورونا سے انتقال کر گئے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن ابھی اس خاندان کے آخری فرد پر بھی موت کا فرشتہ نظریں جمائے بیٹھا تھا۔

والدہ، والد اور بھائی کے انتقال کی اطلاع دینے والے شخص میں بھی چند روز کے بعد کورونا کی تشخیص ہوئی۔ اپنے عزیزوں کی موت کا صدمہ سہنے والا یہ نوجوان خود بھی موت کا نشانہ بن گیا۔ انتقال سے قبل اس نوجوان نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر کئی پوسٹیں کر کے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ کورونا کے مریضوں سے دُور رہیں۔ لوگوں سے ملنا جُلنا کم کر دیں۔ مرحوم نے وفات سے قبل ایک پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ اس کے گھر والوں نے مارچ کے مہینے سے ہی گھر پر سماجی تنہائی اختیار کر رکھی تھی، اور ملنے جُلنے میں بہت محتاط تھے۔

بس ان کی والدہ کی جانب سے ایک شادی میں شرکت کا فیصلہ سارے گھر والوں کی بدنصیبی کا باعث بن گیا۔ اس شادی میں شرکت کے بعد والدہ کورونا کا شکار ہوئیں اور پھر ان سے یہ مرض گھرکے دیگر افراد میں بھی منتقل ہو گیا۔مصری وزارت صحت کے مطابق ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 5800 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں