بے رحم عرب شوہر نے بیوی کو سڑک پر قتل کر ڈالا، ہولناک واقعے کی ویڈیو وائرل

سفاک ملزم واردات کے بعد لاش کے قریب کھڑے ہو کر اطمینان سے سگریٹ کے کش لگاتا رہا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 4 جنوری 2021 15:29

بے رحم عرب شوہر نے بیوی کو سڑک پر قتل کر ڈالا، ہولناک واقعے کی ویڈیو وائرل
قاہرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 جنوری2021ء) دُنیا بھر میں قتل و غارت کی روزانہ ہزاروں وارداتیں پیش آتی ہیں تاہم مصر میں ایک انوکھے ڈھنگ کی ہولناک واردات پیش آئی جس میں ملزم نے اپنی بیوی کو بیچ سڑک کے مار ڈالا اور پھر اس کی لاش کے پاس کھڑے ہو کر سگریٹ سے لطف اندوز ہوتا رہا۔ اس وحشیانہ قتل کے واقعے نے پورے ملک میں غم وغصے کی لہر دوڑا دی ہے۔

العربیہ نیوز کے مطابق شوہر نے سر عام راہ گیروں کے ساتھ اپنی بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور خود ڈھٹائی کے ساتھ اس کی لاش کے پاس کھڑے ہو کرپولیس کے آنے کا انتظار کرتا اور سیگریٹ نوشی کرتا رہا۔ قتل ہونے والی خاتون ایک اسکول کی معلمہ تھی۔ذرائع ابلاغ کے مطابق بیوی کے ساتھ رنجش کے بعد شوہر نے اسکول تک اس کا پیچھا کیا اور اسکول کے قریب لوگوں کے سامنے اسے چاقو کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتاردیا۔

(جاری ہے)

بیوی کو قتل کرنے کے بعد اس نے سگریٹ سلگایا اور پولیس کے آنے کا انتظار کرنے لگا۔ کچھ دیر میں پولیس موقعے پر پہنچ گئی اور اس نے قاتل شوہر کو گرفتار کرنے کے ساتھ مقتولہ کی لاش بھی قبضے میں لے لی۔تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ خاتون کا نام "فجر النور" تھا۔ اس کا شوہر کرونا کی وجہ سے بے روزگار ہونے کے بعد گھر میں بیٹھ گیا تھا جب کہ گھر کے تمام اخراجات کا بوجھ بیوی پر آگیا تھا۔

گھر کے معاشی حالات کی خرابی کی وجہ سے دونوں میں تنازع ہوا۔ بیوی نے شوہر کو کام کاج کی کوشش کرنے کا کہا جس پر وہ بُرا مان گیا اور بیوی کو جان سے مار ڈالا۔پولیس کو بیان دیتے ہوئے قاتل شوہر نے کہا کہ اس نے اپنی بیوی سے چھٹکارا پانے کا فیصلہ کیا۔چھُری لی اور اس کا تعاقب کیا۔ اسے تکلیف دے کر راہگیروں کے سامنے مار ڈالا۔ شوہر نے انکشاف کیا کہ بیوی نے گھریلو ناچاقی کی وجہ سے خلع کا کیس دائر کر رکھا تھا۔ اس نے کہا کہ قتل کے بعد میں فرارنہیں ہوا بلکہ میں نے پولیس ک آنے اور اس کے ساتھ جیل جانے کا انتظار کیا۔

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں