باپ نے خود کو ٹرین کے نیچے پھینک کر بیٹی کی جان بچا لی، ویڈیو وائرل

یہ و اقعہ مصر کے شہر اسماعیلیہ کے ایک ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 28 جنوری 2020 14:05

باپ نے خود کو ٹرین کے نیچے پھینک کر بیٹی کی جان بچا لی، ویڈیو وائرل
اسماعیلیہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28جنوری 2020ء) اگر ماں اپنے بچوں پر جان چھڑکتی ہے تو باپ بھی کوئی کم پیار نہیں کرتا، اولاد کو اچھا کھلانے پلانے اور اچھی تعلیم دلانے کا خواب بھی باپ ہی کی کڑی محنت کے باعث ممکن ہو پاتا ہے۔ مصر میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس کی ویڈیو وائرل ہونے پر ایک مصری شخص کو بہت زیادہ سراہا جا رہا ہے جس نے اپنی بیٹی کی جان خطرے میں دیکھ کر خود بھی ٹرین کے نیچے چھلانگ لگا دی اور اپنی بیٹی کی جان بچانے میں کامیاب ہو گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مصر کے شہر اسماعیلیہ کے ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا ۔ جہاں بہت سے مسافر ٹرین کے انتظار میں تھے جو کچھ دُور سے آتی دکھائی دے رہی تھی۔وہیں ایک مصری نوجوان بھی اپنی بچی کے ساتھ کھڑا تھا۔ اچانک بچی پلیٹ فارم سے نیچے جا گِری۔

(جاری ہے)

یہ منظر دیکھ کر وہاں موجود سب لوگوں کی چیخیں نکل گئیں۔ بوکھلائے باپ نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر پلیٹ فارم سے نیچے چھلانگ لگا دی اور وہاں پر گِری اپنی بچی کو ساتھ چپکا لیا۔

دونوں پٹڑی اور پلیٹ فارم کے درمیان ایک ڈیڑھ فٹ کی جگہ پر بمشکل سہمے سے لیٹے۔اس دوران وہاں موجود لوگ رو رو کر باپ بیٹی کی سلامتی کی دُعائیں مانگتے رہے۔ کئی سیکنڈز تک ٹرین کے لوہے کے پائیدان ان کے جسموں سے محض چند اِنچ اُوپر سے گزرتے رہے۔ خدا کی مہربانی سے دونوں کو خراش تک نہ آئی اور وہ زندہ سلامت بچ جانے میں کامیاب ہو گئے۔ جونہی ٹرین گزری تو پلیٹ فارم پر موجود لوگ بھی پلیٹ فارم سے نیچے کُود پڑے اور یہ دیکھ کر خُدا کا شُکر ادا کرنے لگے کہ دونوں باپ بیٹی اس دِل دہلا دینے والے واقعے میں پُوری طرح محفوظ رہے تھے۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو لوگوں نے مصری والد کو اس کی جرات پرانتہائی شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور اس واقعے کو پدرانہ محبت و شفقت کی عمدہ مثال قرار دیا ہے۔

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں